نوٹ بندی پر مرکز کی سچائی سامنے آگئی:کمل ناتھ

بھوپال،30اگست(سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر اور مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے نوٹ بندی معاملے میں آج مرکز کی نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سچائی ریزرو بینک آف انڈیا کی رپورٹ کے ساتھ سامنے آگئی ہے ۔سابق وزیر نے یہاں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ نوٹ بندی کے وقت کہا گیا تھا کہ اس سے کالا دھن سامنے آئے گا،لیکن ایسا نہیں ہو پایا،بلکہ اس کا اثر یہ ہوا کہ بے روزگاری میں اضافہ ہواا ور نوٹ بندی کی وجہ سے بڑی تعداد میں چھوٹے کاروبار بند ہوگئے ۔ان کے مطابق نوٹ بندی میں مرکزی حکومت پوری طرح سے ناکام رہی اور ریزرو بینک آف انڈیا کی رپورٹ سے یہ صاف ہے ۔ایک دوسرے سوال میں کمل ناتھ نے کہا کہ بیرون ممالک جاکر ملک کے مسائل پر گفتگو کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی نے ہی کیا تھا۔ اب ان کے حمایتی ہی کانگریس صدر راہل گاندھی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔