نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے عوام مشکلات کا شکار

راہول گاندھی کا دورہ گجرات کامیاب ، سید عظمت اللہ حسینی کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید عظمت اللہ حسینی نے کہاکہ اس مرتبہ گجرات میں بی جے پی کا سورج غروب ہوگا اور کانگریس کا سورج طلو ع ہوگا ۔ بی جے پی کے 20 سالہ دور حکومت فرقہ پرستی سے بھرا ہوا ۔ راہول گاندھی کا تین روزہ دورہ گجرات کامیاب رہا ہے ۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے کاروبار چوپٹ جب کہ بیروزگاری میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ تین دن تک کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے ساتھ گجرات کے مختلف مقامات کا دورہ کرنے اور جلسوں سے خطاب کرنے والے سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ اور وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں بی جے پی کا چراغ گل ہوجائے گا ۔ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کی راجیہ سبھا کے لیے کامیابی سے بی جے پی کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ راہول گاندھی کے دورے گجرات سے کانگریس کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ گجرات کے عوام نے 20 سال تک بی جے پی پر بھروسہ کیا لیکن بی جے پی نے ترقی کو صرف شہری علاقوں تک محدود رکھتے ہوئے دیہی علاقوں کو ترقی سے محروم کردیا ۔ گجرات اصل میں تجارتی اسٹیٹ ہے ۔ لیکن گذشتہ ایک سال کے دوران نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر عمل آوری کرتے ہوئے تاجرین کی کمر توڑ دی ہے ۔ کئی چھوٹی و متوسط صنعتیں بند ہوچکی ہیں اور کئی صنعتیں بحران کے دور سے گذر رہی ہیں ۔ گجرات ماڈل کا نعرہ اوپر چمک اور اندر دیمک کی شکل اختیار کرگیا ہے ۔ کئی نوجوان بیروزگار ہوگئے ہیں ۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے سماج کے مختلف طبقات کو کانگریس سے امیدیں وابستہ ہیں ۔ پٹیل برادری جو بی جے پی کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہوا کرتی تھی وہ بی جے پی سے ناراض ہے اور کانگریس سے رابطے میں ہے ۔ گجرات میں عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور متبادل کے طور پر کانگریس پر اعتماد کررہے ہیں ۔ نریندر مودی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کے غلط فیصلوں سے ملک کا معاشی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور اس کا زیادہ اثر گجرات میں دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ قومی سطح پر بی جے پی کا گراف گر رہا ہے اور کانگریس کا گراف تیزی سے اوپر ہورہا ہے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ وہ اپنے دورے گجرات کے دوران مختلف مقامات پر سماج کے کئی افراد سے تبادلہ خیال کرچکے ہیں بی جے پی حکمرانی سے کوئی بھی خوش نہیں ہے ۔۔