نوٹ برائے ووٹ اسکام ‘ سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ

حیدرآباد 8 2جون (سیاست نیوز) کل ہند کانگریس جنرل سکریٹری و انچارج امور تلنگانہ کانگریس پارٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے گذشتہ دنوں ریاست تلنگانہ میں ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت منعقدہ ایم ایل سی انتخابات کے موقع پر پیش آئے نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ کی سی بی آئی کے ذریعہ مکمل تحقیقات کروانے کا مرکزی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔ آج یہاں گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر اوتم کمار ریڈی اور صدر آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر رگھو ویرا ریڈی کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابونائیڈو فون ٹیاپنگ کے نام پر نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ سے بچنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا او رکہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن سرگرمیوں پر وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی اپنی خاموشی کو نہیں توڑ رہے ہیں بلکہ مزید خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہو ںنے للت مودی معاملہ پر وضاحت کرنے کا وزیر اعظم نریندر مودی سے پر زور مطالبہ کیا اور کہا کہ مرکزی وزیر خارجہ سشما سواراج اور چیف منسٹر راجستھان کے رول سے متعلق مکمل تفصیلات سے ملک کے عوام کو واقف کروانے کی شدید ضرورت ہے۔مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے مرکزی حکومت کو حدف ملامت بتاتے ہوئے استفسار کیا کہ آخر کیا وجہ ہیکہ وزیر اعطم نریندر مودی مرکزی وزیر خارجہ سشما سواراج کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کررہے ہیں ۔ سینئر کانگریس قائد مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش قائدین کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سیکشن 8 کے تعلق سے ہر کوئی من مانی انداز میں مرضی کے مطابق بات کررہے ہیں۔ انہوں نے اس مسئلہ پر عدلیہ سے ضروری وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندر شیکھر راو کے طرز عمل پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ بل کی تیاری کے موقع پر مسٹر کے چندر شیکھر راو بذات خود موجود تھے ۔ لہذا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو سے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے استفسار کیا کہ سیکشن 8 کے تعلق سے اس وقت ہی کیوں بات نہیں کئے اور اعتراضات کیوں پیش نہیں کئے ۔ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے سابق صدر آئی پی ایل للت مودی کیس معاملہ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے فی الفور اپنی وضاحت کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔