نوجوان کے قتل میں ملوث چار افراد گرفتار ،راجندر نگر اے سی پی کی پریس کانفرنس

شمس آباد 31 جنوری (سیاست نیوز) میلار دیو پلی کے علاقہ دانما کمپاونڈ کے عقب میں 14 جنوری کو ایک نعش پائی گئی تھی۔ میلار دیو پلی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ راجندر نگر اے سی پی متیم ریڈی نے بتایا کہ سید محمد 35 سالہ ساکن سیفی کالونی وٹے پلی راجندر نگر میں رہتا تھا ان کا پڑوسی محمد فاروق 22 سالہ سید محمد کے ساتھ دوستانہ ہوا تھا محمد فارق کا سید محمد کے گھر تقریبا روزانہ آنا جانا تھا۔ سید محمد گلزار نگر مصطفی نگر منتقل ہوگیا ۔ اس کے دونوں بھائی دبئی میں ملازمت کرتے تھے ۔ سید محمد بھی دبئی چلا گیا ۔

محمد فاروق جو ان کا پڑوسی تھا وہ کالا پتھر منتقل ہوگیا ۔ سید محمد کی بیوی شمیم فاطمہ سے محمد فاروق کے نا جائز تعلقات پیدا ہوگئے تھے۔ مکان منتقل کرنے کے باوجود محمد فاروق سید محمد کی بیوی سے ربط میں تھا۔ سید محمد کے دبئی جانے کے بعد اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد فاروق تقریبا روزانہ اس کی بیوی سے ملا کرتا تھا۔ نومبر 2013 میں دبئی سے سید محمد واپس آیا اس کے بعد بھی دونوں کے تعلقات اور ملنا جلنا برقرار تھا۔ سید محمد نے اپنی بیوی کو سختی سے منع کرتے ہوئے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دی اور محمد فاروق کو بھی دھمکی دی کہ اگر اس نے گندی حرکتیں بند نہیں کی تو اچھا نہیں ہوگا جس کے بعد محمد فاروق 22 سالہ ساکن کا لا پتھر نے اپنے دوستوں محمد جعفر 21 سالہ ساکن وٹے پلی، محمد نصیر الدین 37 سالہ آٹو ڈرائیور ساکن گلزار نگر مصطفی نگر اور محمد رزاق 27 گلزار نگر مصطفی نگر کو تمام تفصیلات بتاتے ہوئے قتل کا منصوبہ بنایا اور 3 جنوری کو چاروں نے ملکر درگاہ بار میلار دیو پلی میں شراب نوشی کی اور سید محمد کو طلب کیا۔

محمد جعفر نے سید محمد کوگاڑی پر بٹھا کر لے آیا اور پانچوں نے شراب نوشی کر کے قریب میںواقع ورک شاپ میں اسے لے گئے اور وہاں سید محمد اور محمد فاروق کی بحث و تکرار ہوئی اتنے میں محمد جعفر اور محمد رزاق نے مقتول پر حملہ کیا جس سے وہ زمین پر گر گیا ۔ اس کے بعد محمد فاروق اور محمد جعفر نے مقتول کے گلہ میں رسی ڈال کر دبانے لگے رسی دبانے سے اس کی موت ہوگئی جس کے بعد ان چاروں نے کچھ وقت انتظار کیا اور صبح کی اولین ساعتوں میں اس کی نعش کو آٹو میں ڈال کر دانماں کمپاونڈ کے عقبی حصہ میں اس کی نعش کو پھینک کر فرار ہوگئے ۔ محمد فاروق کو شک کی بنیاد پر گرفتار کر کے تفتیش کرنے پر اس نے اقبال جرم کرتے ہوئے تمام تفصیلات بتائی۔ محمد فاروق کے مقتول کی بیوی کے ساتھ گزشتہ تین سالوں سے ناجائز تعلقات تھے۔ چاروں ملزمین کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔ اس موقع پر میلاردیو پلی انسپکٹر رمیش، سب انسپکٹر شرت کمار بھی موجود تھے۔