نواز لیگ کی حکومت میں صوبے بکھر گئے ہیں : مشرف

اسلام آباد، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ (نواز) لیگ کی ڈیڑھ سال کی حکومت میں صوبے بکھر گئے ہیں جبکہ وفاق ٹوٹ رہا ہے۔ ’’بدقسمتی سے مجھے سیاسی مقدمات میں پھنسایا گیا، اپنی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع کروں گا۔ اگلے سال وسط مدتی الیکشن ہونے چاہئیں‘‘ ان خیالات کا اظہار مشرف نے ٹیلیفون پر ملتان میں پارٹی ورکروں سے خطاب کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ نواز لیگ حکومت کی نااہلی اس بات کا ثبوت ہے کہ صرف ڈیڑھ سال کے کم عرصے میں وہ صوبوں کو متحد نہیں رکھ پائی۔ صوبے اپنی مرضی کررہے ہیں، وفاق کی کوئی نہیں سن رہا۔ وفاق ٹوٹ رہا ہے جبکہ وزیراعظم بیرونی دوروں پر گئے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ اپنی نااہلی کے خلاف عدالت سے ہی رجوع ہوں گے۔