نواز شریف کے دامادکیپٹن صفدر شریک دواخانہ

راولپنڈی ،21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایون فیلڈ کیس میں سزا یافتہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن محمد صفدر کو جیل میں دل کی تکلیف کے بعدآج امراض قلب کے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ڈان نیوز کے مطابق کیپٹن صفدر کو گزشتہ رات معدہ کے ساتھ دل میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انہیں راولپنڈی کے انسٹِٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کرایا گیا ہے ۔ وہ بدعنوانی کے معاملے میں قصور وار ٹھہرائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل میں بند تھے ۔ عدالت سے ان کی ضمانت کی عرضی مسترد ہوچکی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ان کی طبی جانچ چل رہی ہے ۔کل رات ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں جیل میں ہی طبی مدد فراہم کرائی گئی۔کیپٹن صفدر کو پاکستان کے احتساب بیورو نے 8 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔ ایون فیلڈ پراپرٹی کیس میں نواز شریف ان کی بیٹی مریم اور کیپٹن صفدر کوقصور وار قرار دئے جانے کے بعدگرفتارکیا گیا ہے ۔اس معاملے میں نواز شریف کو 11 سال ان کی بیٹی مریم کو آٹھ سال کی اور کیپٹن صفدر کو ایک سال کی سزا دی گئی ہے۔ یاد رہیکہ قبل ازیں نواز شریف کا مزاج بگڑنے پر بھی انہیں ہاسپٹل منتقل کیا جانے والا تھا تاہم آڈیالا جیل میں ہی انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز ہنوز لندن کے ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں۔