نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ کی سماعت

اسلام آباد ۔ 19مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی سپریم کورٹ ملک کے سابق وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں ، کی طبی بنیادوں پر داخل کردہ درخواست ضمانت پر سماعت کرے گی ۔ 69سالہ نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز بدعنوانی معاملہ میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں گذشتہ سال ڈسمبر سے سات سال کی سزا کام رہے ہیں جبکہ ان کی دختر مریم نواز کے مطابق ان کے والد نواز شریف اس وقت بیحد علیل ہیں ۔ نواز شریف کے ارکان خاندان نے عمران خان حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ نواز شریف کے علاج پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے اور نہ ہی انہیں کوئی سہولیات فراہم کی گئی ہے ۔ قبل ازیں 25فبروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی ۔ نئی درخواست کے ادخال کے بعد اس کی سماعت کے موقع پر پی ایم ایل ( این) کے متعدد سینئر قائدین بھی عدالت میں موجود رہیں گے ۔