نواز شریف کی دخترمریم آئندہ پاکستانی انتخابات میں امیدوار؟

اسلام آباد ۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مریم نواز معزول وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی دختر نے فیصلہ کیا ہیکہ آئندہ عام انتخابات میں مقابلہ کریں گی۔ ایک ممتاز روزنامہ نے آج برسراقتدار پارٹی کے ایک ذریعہ کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے۔ 44 سالہ مریم نواز آئندہ نسل کی قائد کے طور پر پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی جانب سے تیار کی جائے رہی ہیں۔ 68 سالہ وزیراعظم نواز شریف کو جو 3 میعادوں کیلئے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے، گذشتہ سال سپریم کورٹ کی جانب سے پناما پیپرس مقدمہ کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ مریم نواز لاہور کے این اے ۔ 120 حلقہ سے امیدوار ہوں گی۔ صوبائی اسمبلی کیلئے امکان ہیکہ یہ پی پی ۔ 140 نشست کیلئے انتخابی مہم بھی چلائیں گی۔ پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے ایک ذریعہ کے حوالہ سے ایک نامور روزنامہ نے اس کی خبر شائع کی ہے۔ تاہم مریم نواز کی جانب سے ہنوز ان اطلاعات کی توثیق نہیں ہوسکی۔