نواز شریف کیلئے تحقیقاتی ٹیم کا سوالنامہ

اسلام آباد،25مئی (سیاست ڈاٹ کام) پنامہ پیپرز لیک معاملہ کی جانچ کررہی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی)نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور انکے دونوں بیٹوں حسین نواز اور حسن نواز سے پوچھ گچھ کے لئے سوال نامہ بھیجا ہے ۔پاکستانی اخبار ڈان نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ وفاقی جانچ ایجنسی (ایف آئی اے ) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا نے مسٹر شریف اور انکے بیٹوں کے بیان درج کرنے کے لئے ایک مکتوب بھی لکھا ہے ۔ چھ رکنی جانچ ٹیم حالانکہ چاہتی ہے کہ وزیر اعظم اور انکے بیٹوں کے بیانات درج کرنے سے پہلے وزیر اعظم کا جواب حاصل کیا جائے ۔مسٹر شریف کی کابینہ کے ایک وزیر طارق فضل چودھری نے کل دعوی کیا تھا کہ جے آئی ٹی کی طرف سے وزیر اعظم کو کوئی سوال نامہ موصول نہیں ہوا ہے ۔مسٹر شریف کا بیان درج کرانے کے معاملہ میں بھی کوئی مکتوب نہیں ملا ہے لیکن اس طرح کی کوئی بات سامنے آتی ہے تو وزیر اعظم پوری طرح سے تعاون کریں گے ۔ واضح رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے پنامہ پیپرز لیک معاملہ میں مسٹر شریف اور ان کے خاندان کے افراد کے بدعنوانی میں ملوث ہونے کے معاملہ کی جانچ کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے ۔