نواز شریف کو کوئی سنگین بیماری نہیں

لاہور ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نواز شریف کسی سنگین بیماری میں مبتلاء نہیں ہے۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاع کے بموجب میڈیکل بورڈ نے کہا کہ ڈاکٹرس نے قید سابق وزیراعظم پاکستان کا معائنہ کیا اور ان کے خیال میں نواز شریف کو کوئی سنگین بیماری نہیں ہے۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائسنس کے ڈاکٹروں کی ایک پانچ رکنی ٹیم نے جس میں ماہر امراض قلب ڈاکٹر نعیم ملک، خصوصی طبی ماہر ڈاکٹر شجیع صدیقی، ماہر امراض اعصاب ڈاکٹر سہیل تنویر، ڈاکٹر مسعود اور جوائنٹ سکریٹری ڈائرکٹر ڈاکٹر اعجاز قدیر نے کل نواز شریف کا معائنہ کیا۔ نواز شریف کو کئی امراض بشمول امراض قلب، ہائپرٹینشن اور ذیابیطس لاحق ہیں۔ 2016ء میں لندن میں ان کے قلب کا آپریشن بھی ہوچکا ہے۔ اڈیالا جیل راولپنڈی میں میڈیکل بورڈ کی ٹیم نے نواز شریف کا معائنہ کیا اور ان کے بموجب انہیں کوئی سنگین بیماری لاحق نہیں ہے۔ روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون نے اس کی اطلاع دی ہے۔