نواز شریف پارٹی امور شہباز کو سونپ دیں: سینئر وزیر

اسلام آباد، 20 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) داخلی صوبائی ارتباط کے وزیرریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جھگڑے سے بچنے کی نواز شریف کے پاس بہترین صورت یہ ہوگی کہ وہ پارٹی کی کمان پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف کے حوالے کردے ۔انہوں نے اسی کے ساتھ یہ انتباہ بھی کیا ہے کہ موجودہ سیاسی منظرنامے میں اگر شہباز کے ‘مشورہ’ کو نظرانداز کیا گیا تو افراتفری جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جو آنے والے دنوں میں پارٹی کو نقصان پہنچاسکتی ہے ۔یہ اطلاع ایکسپرین ٹریبون نے دی ۔قومی پریس کلب میں کل مسٹر پیرزادہ نے اس مشاہدے سے کام لیا کہ شہباز کو اس وقت تک کے لئے پارٹی امور اپنے ہاتھ لے لینے چاہئیں جب تک معزول وزیراعظم نواز شریف اپنے اوپر عائد بدعنوانی کے الزامات سے بری نہیں ہوجاتے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ شہباز شریف کے کام کرنے کا طریقہ مختلف ہے ۔ وہ میدان عمل کے آدمی ہیں اور لوگوں سے ملتے جلتے رہتے ہیں۔ اس لئے عوامی رائے کو سمجھ سکتے ہیں جو موجودہ تنازعہ سے متاثر ہے ۔ اس طرح وہ صحیح موقع پر پارٹی کو صحیح مشورہ دے سکتے ہیں۔پیرزادہ نے یہ وارننگ بھی دی کہ اگر شہباز شریف کی تجاویز کو نظرانداز کیا گیا تو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں پھوٹ بھی پڑسکتی ہے ۔