نواز شریف سے آرمی چیف کی ملاقات

اسلام آباد۔ 26 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی آج یہاں ملاقات ہوئی، جس میں دھرنوں کے بعد ملک بھر میں ریلیوں کے حوالے سے فوج کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ فوجی سربراہ نے آپریشن ’ضرب عضب‘ پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں تمام معاملات کو جلد حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف راحیل شریف نے دو گھنٹے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی جس میں سیاسی امور کے علاوہ قومی سلامتی سمیت دھرنوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر راحیل شریف نے دھرنوں کے نتیجے میں ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں کی ریلیوں پر نواز شریف کو فوج کے تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ آرمی چیف نے وزیراعظم کو آپریشن ضرب پر بھی بریفنگ دی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنمائوں کی جانب سے اتفاق کیا گیا کہ معاملات کو جلد از جلد حل کیا جائے تا کہ ملک کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔