نواب شاہ عالم خاں مرحوم کے نام پر روز گارڈن

چیف منسٹر کا مرحوم کے پسماندگان سے ملاقات اور اظہار تعزیت
حیدرآباد ۔ 31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ نے شہر کے کسی مرکزی مقام پر نواب شاہ عالم خاں مرحوم کے نام سے روز گارڈن کے قیام کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے آج جناب محبوب عالم خاں کی قیامگاہ پہنچ کر افراد خاندان سے ملاقات کی اور نواب شاہ عالم خاں کے انتقال پر پرسہ دیا۔ چیف منسٹر نے نواب صاحب کی شہر حیدرآباد کے لئے دیرینہ خدمات اور خاص طور پر علم و ادب اور تعلیم کے شعبہ میں گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عالم خاں حیدرآباد کی ایک وضعدار شخصیت تھے جنہیں دیکھتے ہی حیدرآبادی تہذیب کی یاد تازہ ہوجاتی۔ چیف منسٹر نے روز سوسائٹی کے ذریعہ ہر سال حیدرآباد میں گلابوں کی نمائش کے اہتمام میں نواب شاہ عالم کے خاں کے رول کا ذکر کیا اور کہا کہ حیدرآباد کے کسی مرکزی مقام پر روز گارڈن قائم کرتے ہوئے اسے نواب شاہ عالم خاں کے نام سے موسوم کیا جائے گا۔ نواب شاہ عالم خاں آل انڈیا روز فیڈریشن کے صدرنشین بھی رہے۔ چیف منسٹر نے عثمانیہ یونیورسٹی کی عظمت اور وقار کی بحالی کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ متحدہ آندھرا میں یونیورسٹی کو نظرانداز کیا گیا ۔ انہوں نے یونیورسٹی کا سابقہ نام جامعہ عثمانیہ بحال کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ تحریک کے دوران 12 برس تک جناب محبوب عالم خاں کی تائید اور تعاون کا ذکر کیا۔ اس موقع پر جناب قادر عالم خاں ، احمد عالم خاں ، محمد عالم خاں، مصطفیٰ عالم خاں اور دوسرے موجود تھے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ میئر حیدرآباد اور ڈپٹی میئر بھی موجود تھے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ روز گارڈن کیلئے مناسب جگہ کا انتخاب کریں ۔