نندہ کی آخری رسومات میں بالی ووڈ کے بڑے ستارے غائب

ممبئی ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معمر اداکارہ نندہ کی آخری رسومات میں جیسا کہ بالی ووڈ کا فیشن ہے، بڑے اور نامور اداکاروں نے شرکت سے گریز کیا کیونکہ نندہ گوشہ گمنامی میں تھیں اور کوئی چڑھتا سورج نہیں تھیں جن کو لوگ سلام کرتے۔ ا پنے 35 سالہ فلمی کیریئر میں نندہ ہمیشہ تنازعات سے دور رہیں، ان کا نام ان کے کسی بھی ساتھی اداکار کے ساتھ نہیں جوڑا گیا۔ ایک سے بڑھ کر ایک ہٹ فلمیں دینے والی نندہ ہمیشہ اپنے مداحوں کا خیال رکھتی تھیں اور ان کے ساتھ انتہائی محبت سے پیش آتی تھیں۔ آخری رسومات میں صرف ان کی سہیلی ششی کلا اور سلمان خان کی والدہ اور والد سلیم خان نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ ٹی وی پر دھوم مچانے والی اداکارہ تبسم نے بھی شرکت کی ۔

ارتھی کا جلوس نندہ کی ورسوا میں واقع رہائش گاہ سے اوشیوارہ شمشان گھاٹ پہنچا جہاں انہیں نذر آتش کردیا گیا ۔ نندہ نے اپنے وقت کے ہر بڑے ہیرو کے ساتھ کام کیا جیسے دلیپ کمار ، راج کپور ، دیو آنند ، راجندر کمار ، سنیل دت ، منوج کمار ، دھرمیندر ، جتیندر ، سنجے خان، راجیش کھنہ کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے کئی ساتھی ہیرو پہلے ہی انتقال کرچکے ہیں۔ وہ لوگ اگر زندہ ہوتے تو شاید نندہ کی ارتھی میں ضرور شرکت کرتے لیکن کیا کیا جائے جو اداکار زندہ ہیں وہ یا تو بیمار ہیں یا پھر کسی اور وجہ سے شرکت نہیں کرپائے جیسے ششی کپور ان دنوں سخت بیمار ہیں۔ منوج کمار بھی بہت کمزور ہوگئے ہیں۔