نندن نیل کینی کانگریس میںشامل ہونگے ‘ لوک سبھا انتخاب لڑینگے

بنگلور 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سیاست میں داخلہ کے تعلق سے قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے انفوسیس کے شریک بانی نندن نیل کینی نے آج کہا کہ وہ کانگریس میںشامل ہونگے اور وہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کیلئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر انہیں لگتا ہے کہ انہیں سیاسی محاذ پر کچھ کرنا چاہئے ۔ اگر کانگریس پارٹی انہیں ایک ٹکٹ دیتی ہے تو وہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرینگے ۔ نیل کینی آدھار پراجیکٹ کے سربراہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد کانگریس میں شامل ہونگے اور ان کے مقابلہ کیلئے حلقہ کا انتخاب بھی کیا جارہا ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ کانگریس انہیں بنگلور ساؤتھ سے امیدوار بنائیگی ۔

عوام ملک میں تعمیری تبدیلی کے منتظر : نریندر مودی کا ادعا
گاندھی نگر 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک آئندہ 182 دنوں کے اندر ایک تعمیری تبدیلی کا منتظر ہے ۔ ان کا حوالہ مرکز میں یو پی اے حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے اپنی مہم کی سمت تھا جبکہ رواں سال لوک سبھا انتخابات ہونے والے ہیں۔ مودی نے گجرات کے محکمہ تعلیم کی جانب سے منعقدہ ایک دو روزہ قومی تعلمی چوٹی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی نگر میں مہاتما مندر کی تعمیر کا کام بھی 182 دنوں میں مکمل کیا گیا تھا اور ہم امید کرسکتے ہیں کہ ملک میں بھی 182 دنوں کے بعد ایک تعمیری تبدیلی آئیگی ۔ انہوں نے مرکز میں اقتدار کی تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے گجرات کی گولڈ جوبلی تقاریب کے دوران 2010 میں مہاتما مندر 182 دنوں میں مکمل کیا تھا اور ہم ہمارے ملک میں بھی 182 دنوں میں تعمیری تبدیلی لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکھنے کیلئے گجرات کے عوام اور ملک کے عوام کیلئے قومی تعلیمی چوٹی کانفرنس ایک بڑا موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی تعلیم حاصل کرنا یا سیکھنا چاہتا ہے اس کیلئے اور نوجوانوں کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے ۔