نماز کی پابندی پرزور ، لاپرواہی سے تہذیب میں بگاڑ

مولاناسید معزالدین ، مولانا اقبال احمد اور مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم کا خطاب
حیدرآباد /17 جنوری ( راست ) دین اسلام اللہ تعالی کا پسندیدہ دین ہے تاقیامت اس دین کو باقی رہنا ہے ۔ اب کوئی دین آنے والا نہیں ۔ دین اسلام کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر انسان روز قیامت پیارے نبی کریم ﷺ کی شفاعت کا حقدار اور جنتی بن سکتا ہے ۔ اس سے ہٹ کر نجات کاکوئی اور راستہ نہیں ۔ حضور اکرام ﷺ ختم المرتبت کے ظاہری پردہ فرمانے کے بعد اب امت مسلمہ پرلازمی ہے کہ اپنی طاقت و قوت علم و بساط کے مطابق اشاعت دین تحفظ شریعت میں اپنا فریضہ ادا کریں ۔ نیز نمازوں کی پابندی کو لازمی بنائیں ۔ اپنے گھروں میں اسلامی ماحول پر سختی سے عمل پیرا ہوجائیں ۔ گھریلو خواتین کو بارہا نمازوں کی تاکید کریں کیونکہ فرمان رسالتماَب ﷺ ہے کہ جس گھر میں نمازیں نہیں پڑھی جاتیں وہ گھر قبرستان ہے ۔ قوم مسلم کیلئے یہ لمحہ فکر ہے کہ آج ہمارا معاشرہ جہاں مغربی تہذیب کی طرف تیزی سے راغب ہو رہا ہے وہیں دینی و اسلامی تعلیمات نمازیں ، تلاوت قرآن اور اخلاق سے دور ہوتے جارہے ہیں ۔ حد تو یہ ہوچکی ہے کہ والدین اپنے بچوں کی ہر غلطی کو نظر انداز کرتے نظر آرہے ہیں ۔ افسوس کی بات ہے کہ والدین و سرپرست جب اپنے بچوں کی دنیاوی کامیابی دیکھتے ہیں تو ان کی ہمت افزائی کرتے ہیں لیکن جب نماز تلاوت قرآن اور فکر آخرت اور روز حشر کامیابی کی بات کی جاتی ہے تو وہ اس کو بالکل نظرانداز کر دیتے ہیں ۔ شائد وہ بھول چکے ہیں کہ کل بروز محشر ہر چیز کا حساب ہوگا اور ہر شئے کی پوچھ ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام ہنگامی اجلاس بِضمن تحریک صلواۃ منعقدہ قادریہ اسلامک سنٹر دبیرپورہ سے ڈاکٹر سید معزالدین قادری شرفی نے کیا ۔ مولانا ڈاکٹر اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ آج نمازوں کا ترک کرنا عام بات ہوچکی ہے نوجوان مسلسل گھنٹوں فون پر فیس بک واٹس اپ میں مصروف رہتے ہیں ۔ حد تو یہ ہوچکی ہے کہ ساری رات فون میں مصروف رہتے ہیں اور اذان فجر ہوتے ہی وہ اپنے گھروں میں چلے جاتے ہیں یہ انتہائی افسوسناک امر ہے ۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر مرکزی رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ حدیث مبارکہ ہے کہ کافر اور مسلمان میں فرق صرف نماز کا ہے دور حاضر میں دیکھا جارہا ہے کہ نوجوان مسلسل نمازوں کو ترک کر رہے ہیں ۔ جہاں رمضان المبارک میں مساجد بھری پڑی ہوتی ہیں وہیں دیگر مہینوں کی مساجد یکسر خالی نظر آتی ہیں کیا یہ ہمارے لئے انتہائی افسوس کی بات نہیں ۔ محمد شاہد اقبال قادری ( صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ الحمدللہ مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی تحریک صلواۃ کے کامیاب نتائج سامنے ہیں نوجوانوں کو نمازدوں کا پابند بنانے اور ترک نمآز کے عذابات کے متعلق خصوصی بیانات اور پیغامات کے ذریعہ مسلسل ان کی اصلاح کی جارہی ہے ۔ آخر میں صلواۃ و سلام پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔