نماز کی ادائیگی پر کالج طالب علم کوزدوکوب

حیدرآباد ۔ /28 جون (سیاست نیوز) ماہ رمضان میں جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد کالج کو تاخیر سے پہونچنے والے طالبعلم کو لکچرر نے مبینہ طور پر شدید زدوکوب کیا ۔ یہ واقعہ مدینہ گوڑہ میں واقع نارائنا اقامتی ہاسٹل میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب سعد پاشاہ ولد یحییٰ پاشاہ ساکن مغل پورہ کو حالیہ دنوں میں نارائنا ہاسٹل میں ایم پی سی سال اول میں شریک کیا گیا تھا ۔ سعد پاشاہ نے جمعہ کی نماز کے بعد کالج کو تاخیر سے پہونچنے پر ریاضی لکچرر نے مبینہ طور پر اسکیل سے طالبعلم کی پیٹھ پر ضربات لگائے جس کے سبب وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ سعد پاشاہ نے بذریعہ فون اپنے والد کو اس بات کی اطلاع دی اور آج والدین نے کالج پہونچ کر واقعہ کو دریافت کرنے پر کالج انتظامیہ نے معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی جس پر یحییٰ پاشاہ نے میاں پور پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ انسپکٹر میاں پور مسٹر ٹی رمیش نے بتایا کہ طالبلعم کے والدین کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔