نماز سے رب تعالیٰ کی خوشنودی کا حصول

وقت پر ادا کرنے کی تلقین ، جامع مسجد محمدی میں مفتی محمد مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( راست ) : جامع مسجد محمدی ساوتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں مسلمانوں کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلی جامعتہ المومنات نے کہا کہ نماز اللہ کی مفروضہ عبادتوں میں سے اہم عبادت ہے ۔ نماز کے ذریعہ اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے ۔ نماز نور ہے نماز مومن کی معراج ہے ۔ بے نمازی سے رب ناراض ہوتا ہے ۔ ہر مسلمان کو روزانہ پانچ وقت کی نماز پڑھنا فرض ہے نماز سے گھروں اور کمائی میں برکت حاصل ہوتی ہے ۔ رب تعالی کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے ۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سب سے زیادہ عظمت والا وہ ہے جو نماز کے وقت کا خیال رکھتا ہے ۔ سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے محمد مستان علی قادری نے کہا کہ قرآن مجید واحادیث مبارکہ میں نماز کی باربار تاکید وارد ہوئی ہے ۔ ایمان کے بعد سب سے پہلے نماز کے بارے میں سوال ہوگا نماز کسی حالت میں نہیں چھوڑ سکتے ہیں بیمار کو ٹھہر کر پڑھنے کی استطاعت نہ ہو تو بیٹھ کر پڑھیں روزانہ ہر مسلمان پر پانچ وقت کی نماز فرض ہے اور نماز نہیں پڑھنے والا سخت گنہگار ہے ۔ جب قیامت قائم ہوگی تو نماز اس پر سایہ اور اس کے سرپر تاج اور اس کے بدن کا لباس بن جائے گی ۔ اور خادم بن کر اس کے آگے دوڑے گی اس کے اور دوزخ کے درمیان ایک آڑ ہوجائے گی ۔ اللہ تعالی کے سامنے مسلمانوں کی حمیت اور میزان میں بوجہ پل صراط پر گزرنے کا ذریعہ ، جنت کی کنجی ہوگی ۔ اس لیے کہ نماز میں تحمید ہوتی ہے ۔ اس لیے تمام اعمال سے افضل نماز ہے ۔ مفتی محمد مستان علی قادری نے زور دیا کہ گھر کے کاموں و دیگر بہانے کر کے نماز ترک نہ کریں کوئی بھی بہانے بروز قیامت کام آنے والے نہیں ہیں ۔۔