نمائش شائقین کیلئے آر ٹی سی کی خصوصی بس خدمات

بسوں کی آمدورفت پر نظر رکھنے انچارج مقرر ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پرشوتم نائیک کا بیان

حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) نئے سال کے آغاز سے شہر حیدرآباد میں یکم جنوری سے شروع ہونے والی 78 ویں کل ہند صنعتی نمائش کے سلسلے میں گریٹر آر ٹی سی ریجن نے نمائش شائقین کیلئے بڑے پیمانے پر خصوصی بسوں کا انتظام کرنے کیلئے وسیع تر اقدامات کئے اور بتایا کہ یکم جنوری سے گریٹر حیدرآباد کے ہر مقام سے نمائش میدان تک خصوصی بسیں چلانے کیلئے منصوبہ جات کو آر ٹی سی عہدیداروں نے قطعیت دی ہے۔ پرشوتم نائیک ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ٹی ایس آر ٹی سی گریٹر حیدرآباد ریجنل نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ان خصوصی بسوں کو چلانے کیلئے گریٹر حیدرآباد میں پائے جانے والے 29 آر ٹی سی بس ڈپوز سے نمائش میدان تک ہر روز 180 تا 250 اسپیشل بسیں چلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعطیلات کے دنوں میں نمائش آنے والے افراد کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ کے پیش نظر زائد اسپیشل بسیں چلائی جائیں گی جبکہ ہر بس ڈپو سے روزانہ 5 تا 10 خصوصی بسیں ضرورت کے مطابق چلائی جائیں گی۔ مسٹر پرشوتم نائیک نے مزید بتایا کہ نمائش کے مقام پر ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کے علاوہ عوام کو آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ سفر کیلئے کسی قسم کی تکلیف پیش نہ آنے کے لئے تمام انتظامات کی نگرانی کیلئے ڈیویژنل مینیجر چارمینار ڈیویژن ٹی ایس آر ٹی سی کو بسوں کے مکمل آپریشن کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ان سے فون نمبر 9959226129 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں مدد کرنے کیلئے ڈپو مینیجر کاچی گوڑہ 9959226130 کے علاوہ ڈپو مینیجر مہدی پٹنم 9959226133 کو بھی تعینات کیا گیا۔ کسی بھی شکایت کیلئے ان فون نمبرس پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ آر ٹی سی بسوں میں سفر کیلئے معلومات فراہم کرنے کے مقصد سے ’’کمیونیکیشن سیل‘‘ کا بھی قیام عمل میں لایا گیا۔ کمیونیکیشن سیل سے 7382804018 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔