نمائش سوسائٹی کی پلاٹینم جوبلی تقاریب کیساتھ صنعتی نمائش کا کل افتتاح

حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ یکم جنوری کو شام 4 بجکر 45 منٹ پر نمائش سوسائٹی حیدرآباد کی پلاٹینم جوبلی تقاریب اور 5 بجے شام 75 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا نمائش میدان حیدرآباد پر افتتاح کریں گے۔ نمائش سوسائٹی کی پلاٹینم جوبلی تقاریب سال بھر منائی جائیں گی۔ جبکہ کل ہند صنعتی نمائش یکم جنوری 2015 ء تا 15 فروری جاری رہے گی۔ آج یہاں مسٹر پی نروتم ریڈی اعزازی سکریٹری نمائش سوسائٹی کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ای راجندر صدر نمائش سوسائٹی وزیر فینانس و سیول سپلائز نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے سال ہی نمائش سوسائٹی و کل ہند صنعتی نمائش کی پلاٹینم جوبلی تقاریب کا انعقاد تلنگانہ عوام کیلئے قابل فخر ہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ نمائش کے لئے یہ سال منفرد نوعیت کا سال ہوگا کیونکہ پلاٹینم جوبلی کی ایک علیحدہ شناخت ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ نمائش سوسائٹی تعلیمی میدان میں گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہے اور اسی کے ایک حصہ کے طور پر نئے سال کے دوران ضلع کریم نگر کے حضورآباد میں نمائش سوسائٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تمام تر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ یتیم لڑکے و لڑکیوں کیلئے اسکول قائم کرنے، سرسلہ میں ایک گرلز ڈگری کالج کا قیام عمل میں لانے کیساتھ ساتھ سٹی پولیس ویلفیر فنڈ میں 10 لاکھ روپئے، ہدہد طوفان متاثرین کی فلاح و بہبود کے لئے 10 لاکھ روپئے عطیہ دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر ای راجندر نے نمائش کے آغاز کے بنیادی مقاصد کا تفصیلی کرتے ہوئے بتایا کہ سال 1938 ء نے اس کل ہند صنعتی نمائش کا آغاز کیا گیا۔ جس کا افتتاح خود سابق حضور نظام میر عثمان علی خان نے کیا تھا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ اس سال کل ہند صنعتی نمائش کی افتتاحی تقریب کی خصوصیت یہ ہوگی کہ پہلی کل ہند صنعتی نمائش کے چھ اسٹال ہولڈرس مسرس شاہ عالم خان گولکنڈہ سگریٹ، انیل لاہوٹی مارواڑی پرنٹرس، ڈاکٹر نرسمہا راؤ جے آر اینڈ سنس، دھرین رمیش چندر، مسرز پریم جی لعل جی اینڈ کمپنی، ڈاکٹر شمشاد حسین، مسرز حاجی قربان حسین اینڈ سنس اور ایس کے نظام الدین حسین دکن ہیٹ ورکس کے علاوہ نمائش سوسائٹی میں گزشتہ 50 سال سے اعزازی خدمات انجام دینے والے سینئر ارکان جسٹس اے سیتارام ریڈی، اے رنگا راؤ اور این لکشمی نارائنا پہلے میئر بلدیہ حیدرآباد کو چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ہاتھوں تہنیت پیش کی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ 75 ویں کل ہند صنعتی نمائش کی تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ دوران نمائش سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور کسی بھی نوعیت کے حالات سے نمٹنے کے لئے پولیس کی جانب سے تربیت یافتہ والینٹرس کو تعینات کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ واچ اینڈ راف شعبہ کے تحت 70 مرد اور 40 خواتین نمائش میں ہر طرف گہری نظر رکھنے کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں نمائش میدان میں جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ صدر نمائش سوسائٹی و وزیر فینانس مسٹر ای راجندر نے بتایا کہ اس سال پہلی مرتبہ 75 ویں کل ہند صنعتی نمائش و پلاٹینم جوبلی تقاریب کی افتتاحی تقریب تمام ارکان پارلیمان، وزراء، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما، کمشنر پولیس مہندر ریڈی اور تمام اعلیٰ عہدیداران سیول و پولیس کو بھی مدعو کیا جارہا ہے۔ وزیر موصوف نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ کل ہند صنعتی نمائش کیلئے نظام حکومت نے جملہ 32 ایکر اراضی مختص کی تھی لیکن آج یہ
اراضی صرف 23 ایکر ہوکر رہ گئی ہے۔ اُنھوں نے اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے نمائش میدان کے احاطہ میں ہی سنٹرل ویر ہاؤزنگ کارپوریشن اور اسٹیٹ ویر ہاؤزنگ کارپوریشن کے گودام بنائے گئے ہیں جس سے کافی خلل اندازی ہونے کے علاوہ فی الوقت یہ گودام توقع کے مطابق استعمال میں نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ان گوداموں کے لئے شہر کے مضافاتی علاقوں میں اراضی فراہم کرنے کے بعد ان گوداموں کو وہاں سے منتقل کردینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اسی دوران مسٹر پی نروتم ریڈی اعزازی سکریٹری نمائش سوسائٹی نے بتایا کہ سال گزشتہ نمائش کے ذریعہ زائداز 11 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی۔ اس مرتبہ شہر کے مختلف مقامات پر نمائش کی تشہیر کے لئے 7 ہورڈنگس لگائے گئے ہیں اور اس تشہیری مہم کے ذریعہ اس سال تقریباً 25 لاکھ افراد کے نمائش کا مشاہدہ کرنے کی توقع ہے۔ انھوں نے کہاکہ نمائش سوسائٹی نے پہلی مرتبہ پرانے شہر کے تین سرکاری ہائی اسکولس گولی پورہ، مغل پورہ کو اپنایا ہے۔ ان اسکولس میں طلباء کے لئے بنیادی سہولتیں بشمول بورویل کی کھدائی اور بیت الخلاؤں کی تعمیر کروانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر نمائش سوسائٹی کے دیگر عہدیداروں بشمول قاری اقبال علی خان وغیرہ بھی موجود تھے۔