نلگنڈہ میں گرمیت سنگھ کی56 ایکر اراضی

6ایکر پر غیر مجاز قبضہ، سی پی آئی ایم قائدین کا احتجاج
حیدرآباد۔/30اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست ہریانہ کے متنازعہ ڈیرا بابا رام رحیم کے نام پر ضلع نلگنڈہ کے چٹیال منڈل موضع ویلمنیڈو میں پائی جانے والی اراضیات پر آج بائیں بازو جماعتوں بالخصوص سی پی آئی ایم نے اپنے پرچم نصب کرکے اراضیات پر قبضہ کرلینے کے کوشش کی اور وہاں پر موجود گرمیت سنگھ ڈیرا بابا کے فلیکسی اور تصاویر کو نکال پھینک دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈیرا سچا سودا چیف رام رحیم گرمیت سنگھ المعروف ڈیرا بابا کے نام پر موضع ویلمنیڈو ( چٹیال منڈل ) ضلع نلگنڈہ میں قومی شاہراہ سے متصل جملہ 56 ایکڑ اراضیات پائی جاتی ہیں جن میں زائد از چھ ایکڑ اراضی پر غیر مجاز قبضہ کیا گیا ہے۔ جبکہ ڈیرا بابا کو گزشتہ تین دن قبل عدالت نے ایک عصمت ریزی کیس میں 20 سال جیل میں قید کی سزا سنائی۔ اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی مذکورہ اراضی کا پتہ چل سکا اور سی پی آئی ایم نے فوری طور پر غریب افراد کو اراضی فراہم کرنے کے مقصد سے آج کثیر تعداد میں اس اراضی پر پہنچ کر پارٹی کے جھنڈے نصب کئے تاہم اس سلسلہ میں کوئی کارروائی وغیرہ نہیں کی گئی۔