نلگنڈہ میں لووولٹیج پر قابو پانے فنڈس کی منظوری

شہر کی ترقی کیلئے بھی اقدامات ، نائب صدرنشین بلدیہ و دیگر کی پریس کانفرنس

نلگنڈہ ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ ٹرانسکو کو ضلع میں وسٹیج پر قابو پانے اور دیگر ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کیلئے آئی پی ڈی ایس اسکیم کے تحت 61 کروڑ روپئے اور بلدیہ نلگنڈہ کو 10 کروڑ روپئے کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے یہ بات آج حلقہ انچارج ٹی آر ایس پارٹی کی رہائش گاہ پر نائب صدرنشین بلدیہ و دیگر ارکان بلدیہ نے صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی ۔ نائب صدرنشین بلدیہ بی سرینواس ریڈی ، بلدی فلور لیڈر پارٹی اے سرینواس نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت منظورہ فنڈس سے برقی ٹرانسفارمرس ، 11 کے وی لائنوں اور برقی کھمبوں کی تبدیلی اور تنصیب عمل میں لائی جائے گی ۔ ان قائدین نے بتایا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کو انجام دیتے ہوئے بلدیہ کو مثالی بلدیہ میں تبدیل کرنے کی غرض سے حکومت نے بڑے پیمانے پر فنڈس کو منظور کررہی ہے ۔ اینٹی گریٹیڈ پاؤر ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت منظورہ 10 کروڑ روپئے کے استعمال کیلئے منصوبہ جات تیار کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دارالشفاء کالونی ، انصاری کالونی ، سری نگر کالونی اور پانگل کے علاوہ دیگر حلقہ جات میں پرانے برقی لائنوں اور ٹرانسفارمرس کی تبدیلی عمل میں لائی جائے گی ۔ سابقہ بلدیہ میں ہوئی بدعنوانیوں سے متعلق ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی آر کو یادداشت پیش کی گئی تھی جس پر صرف شعبہ ریونیو میں ہی سی بی آئی تحقیقات کروانے پر بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہونے کا انکشاف ہوا ۔ ان قائدین نے بلدیہ کے دیگر شعبہ جات انجینئرنگ اور ٹاؤن پلاننگ کی بھی تحقیقات کیلئے نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تپیرتی منڈل پریشد رکن پی رام ریڈی نے سابقہ ریاستی وزیر و رکن اسمبلی نلگنڈہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایمسٹ II کی پرچہ افشاں ہونے پر حکومت کی ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی نلگنڈہ کو حکومت پر تنقید کرنے کا حق نہیں ہے کیونکہ وہ بھی اپنی تعلیمی قابلیت کا غلط تصدیق نامہ پیش کرتے ہوئے راج شیکھر ریڈی حکومت میں کنٹراکٹ کمیٹی کے رکن تھے جبکہ وہ انجینئرنگ میں ناکام ہوئے تھے ایسے میں وہ کس طرح اس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کی تعلیمی قابلیت سے متعلق عدالت میں مقدمہ زیردوران بھی ہے اور ٹی آر ایس قائدین نے آر ٹی اے ایکٹ کے تحت تمام اسناد کو حاصل کرلیا ہے ۔ اس صحافتی کانفرنس میں ٹی آر ایس ٹاؤن صدر و سابقہ رکن بلدیہ اے رمیش ، قیوم بیگ و دیگر ارکان بلدیہ و قائدین موجود تھے ۔