نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں دو نئے میڈیکل کالجس قائم کرنے کی مساعی

حکومت ہند اور میڈیکل کونسل آف انڈیا سے منظوری کا انتظار ، وزیر صحت کا کونسل میں بیان
حیدرآباد۔30اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ میں دو نئے سرکاری میڈیکل کالجس کے قیام کا منصوبہ تیا رکیا ہے اور میڈیکل کونسل آف انڈیا کی جانب سے اجازت کے حصول کے بعد ان میڈیکل کالجس کی شروعات ہوگی۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر سی لکشما ریڈی نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت نے ریاست کے اضلاع نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں نئے میڈیکل کالجس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ارکان قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی راجیشور ریڈی اور مسٹر کے پربھاکر کی جانب سے کئے گئے استفسار کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے بتایا کہ حکومت نے ضلع نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں 150 نشستوں پر مشتمل میڈیکل کالجس کے قیام کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں اور حکومت ہند و میڈیکل کونسل آف انڈیا کی منظوری کا انتظار ہے تاکہ ان میڈیکل کالجس میں داخلوں کا عمل شروع کیا جاسکے۔ مسٹر سی لکشما ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ کے دو اضلا ع میں نئے میڈیکل کالجس کے قیام سے ریاست میں ایم بی بی ایس کی نشستوں میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کو داخلے حاصل ہونے میں ہونے والی دشواریوں میں کمی ہوگی۔ حکومت تلنگانہ ان کالجس کے آغاز کیلئے پوری طرح سے تیار ہے اور صرف میڈیکل کونسل اور حکومت ہند کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے۔ ریاست تلنگانہ میں دو نئے سرکاری میڈیکل کالجس کی منظوری کے حصول کیلئے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششیں کامیاب ہونے کی صورت میں نئے قائم کردہ ضلع سوریا پیٹ کے علاوہ نلگنڈہ میں میڈیکل کالجس قائم کئے جائیں گے اور ان کالجس سے تلنگانہ میں میڈیکل سائنس میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کو فائدہ ہوگا۔