نقلی نوٹوں کی تیاری کا ریاکٹ بے نقاب

مدور ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنگاوں ریونیو ڈیویژن کے مختلف دیہاتوں میں گذشتہ چند ماہ سے مبینہ طور پر منظم طریقے سے چلنے والے نقلی نوٹوں کی تیاری و چلن میں ملوث 4 افراد کی ٹولی کو کل شام رگھوناتھ پلی منڈل مستقر پر پولیس سب انسپکٹر ستیش نے موٹر گاڑیوں کی تنقیح کے دوران گرفتار کرلیا۔ اس ضمن میں جنگاؤں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس مسٹر کے سریندر نے ملزمین کو مقامی صحافیوں کے روبرو پیش کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کروایا۔ ڈی ایس پی کے بموجب پڑوسی ریاست تاملناڈو تنمانیرو کے متوطن اصل سرغنہ محمد ابراہیم نے کتہ گوڑم ضلع کھمم کے بنڈی یادگری و گنٹی پرکاش اور جنگاؤں ٹاؤن کے محمد یعقوب پاشاہ اور موضع سولی پور منڈل نرمٹہ راجو سے تعلقات استوار کرتے ہوئے نقلی نوٹوں کی تیاری میں استعمال ہوئے اشیاء اور کیملس دینے اور ایک چوتھائی اصلی نوٹوں کے بدلے تین چوتھائی نقلی نوٹ دینے اور اس کو بازار میں عام کرنے کی ذمہ داری دی تھی۔ نیز بڑے منظم پیمانے پر بیشتر مقامات کھلے عام نقلی نوٹوں کا چلن عام ہوگیا۔ رگھوناتھ پلی پولیس نے 4 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ راجو نامی ملزم ہنوز مفرور ہے۔

سریدھر بابو کے اختیارات چھین لینے پراحتجاجی بند
ویملواڑہ ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈی سریدھر بابو کو اسمبلی کے وزیر کے اختیارات سے ہٹانے پر ویملواڑہ میں کانگریس بند کامیاب رہا۔ کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین مارکٹ کمیٹی کے چیرمین اینگو منوہر ریڈی کی قیادت میں ویملواڑہ میں بند منایا گیا۔ صبح سے ہی کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے موٹر سیکل ریالی ویملواڑہ کے تلنگانہ چوک سے ہوتے ہوئے شہیداں تلنگانہ تک نکالی۔ اس ریالی میں سینئر کانگریس قائدین کے سرینواس، چلیکا رمیش کانگریس پارٹی کے منڈل کے صدر راوی، وشنو دیگر کارکن موجود تھے۔ قبل ویملواڑہ کے اے پی ایس آر ٹی سی میں اسٹانڈ کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔