نقلی سونے کو اصلی بتاکر فروخت کرنے کی کوشش

اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی ، ایک ٹولی بے نقاب
حیدرآباد /31 جنوری ( سیاست نیوز ) اسپیشل آپریشن ٹیم شمس آباد زون نے ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ جو نقلی سونے کے سکوں کو اصلی بتاکر فروحت کررہا تھا اور اس ٹولی نے موسی کالونی کے ساکن کو اپنی دھوکہ دہی کا شکار بنایا تھا ۔ متاثرہ شخص شیخ نعمت اللہ کی شکایت پر یہ سارا واقعہ منظر عام پر آیا اور ایس او ٹی نے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ جو عوام کو اپنی جعلسازی اور مکاریوں سے دھوکہ دہی کا شکار بنارہی تھی ۔ ایس او ٹی ذرائع کے مطابق اس ٹولی کے اصل سرغنہ بی بھگونتلو کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جس کے قبضہ سے پولیس نے 525 نقلی رولڈ گولڈ کے سکوں اور 2 سیل فونس کے علاوہ ایک لاکھ 20 ہزار روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا جبکہ اس ٹولی کے دیگر ارکان نرسمہا ساکن دولت آباد منڈل ضلع محبوبن گر بالاجی ساکن کوسگی منڈل ضلع محبوب نگر اور راجو ساکن کوسگی منڈل ضلع محبوب نگر مفرور بتائے گئے ہیں ۔ ایس او ٹی نے گرفتار شخص کو شمس آباد پولیس کے حوالے کردیا جہاں پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار شخص نے شکایت گذار کو اپنی جعلسازی کا شکار بنایا ۔ اس نے پہلے ایک اصلی سونے کا سکہ نعمت اللہ کو فروخت کیا جس کے بعد اس نے 525 نقلی سونے کے سکوں کو دیڑھ لاکھ روپئے میں فروخت کردیا ۔ پولیس نے ایک شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او ٹی نے کامیاب کارروائی انجام دی ۔