نفرت پھیلانے والوں کی ’شیطانی چال‘ کیخلاف سونیا کا عزم

نئی دہلی ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بڑھتی عدم رواداری پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج عزم کیا کہ انتشار پسند قوتوں کی نفرت پھیلانے کیلئے ’’شیطانی سازش‘‘ سے لڑیں گی ، جو اس ملک کے اتحاد کیلئے خطرہ بن رہا ہے۔ ’’مخصوص نظریہ کی تنظیمیں اور اس کے لوگ اسے پھیلا رہے ہیں تاکہ عوام کو تقسیم کیا جاسکے۔ ہمیں کوئی شائبہ نہیں کہ یہ ایک حادثہ ہے۔‘‘ سونیا گاندھی نے کہا: ’’نفرت، تشدد اور کوتاہ نظری ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پھیلائے جارہے ہیں۔ ہم اس طرح کی شیطانی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے … یہ ملک کی بنیادیں ہلا دے گی … ہم یہ لڑائی لڑنے کیلئے تیار ہیں۔‘‘ صدر کانگریس ایک تقریب میں مخاطب تھیں جہاں انھوں نے 29 واں اندرا گاندھی ایوارڈ برائے قومی یکجہتی گاندھیائی سماجی جہدکار راج گوپال پی وی کو پیش کیا۔ سونیا نے کہا، ’’آج ہمارا ورثہ خطرہ میں ہے … ہمیں دنیا بھر میں ہماری کثرت میں وحدت سے جانا جاتا ہے‘‘۔ ان کے ریمارکس اس پس منظر میں سامنے آئے ہیں کہ فنکاروں، مصنفین اور سائنس دانوں نے دادری قتل معاملہ، بیف تنازعہ اور اس طرح کے دیگر واقعات میں عکاسی ہونے والی مبینہ ’’بڑھتی عدم رواداری‘‘ پر احتجاج کررہے ہیں۔ یہ نشاندہی کرتے ہوئے کہ اندرا گاندھی نے کثرت میں وحدت کی قدر کو بڑی گیرائی سے سمجھا، صدر کانگریس نے کہا کہ اگر آنجہانی وزیراعظم بقید حیات ہوتیں تو وہ چاہتیں کہ پارٹی عام آدمی کے ساتھ کھڑی ہو اور عام آدمی کے کاز کیلئے جدوجہد کرے۔