نعیم گینگ کے نام پر جبرا ًوصولی ‘ ایک شخص گرفتار

حیدرآباد /30 نومبر ( سیاست نیوز ) بدنام زمانہ گینگسٹر نعیم عرف بھونگیر نعیم کی ہلاکت کے بعد بھی پولیس کو راحت حاصل نہیں ہوئی ۔ نعیم کی زندگی تک صرف چند پولیس والوں کی چاندی تھی اور اب نعیم کی موت کے بعد اس کے نام کا استعمال پولیس کیلئے درد سر بناہوا ہے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جو نعیم کے نام سے جبراً وصول کر رہا تھا ۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر مسٹر ایم وی راؤ نے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف پولیس شکنجہ کسے گی ۔ تاہم انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ایسے واقعات کے خلاف پولیس کو اطلاع دیں ۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی اور انہیں اطمینان دلایا کہ ایسے افراد کے خلاف شکایت پر عوام کے نام کو راز میں رکھا جائے گا اور انہیں تحفظ فراہم کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ڈی سی پی ایل بی نگر نے کہا کہ ان دنوں ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور نعیم ٹولی کے ارکان ظاہر کرتے ہوئے جبراً وصولی کرتے ہوئے عوام کو پریشان کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سالہ راجیش نے گذشتہ دنوں سرور نگر پولیس سے رجوع ہوکر شکایت درج کرائی تھی کہ ایک اجنبی فون پر دھمکارہا ہے اور خود کو نعیم ٹولی کے سرغنہ شخص شیشو کے نام سے دھمکا رہا تھا اور ایک کروڑ 50 لاکھ روپئے تاوان کا مطالبہ کر رہا تھا ۔ سرور نگر پولیس نے اس شکایت کے بعد اسپیشل آپریشن ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بیاگ دیکر ایک شخص کو روانہ کیا اور جیسے ہی اجنبی اس بیاگ کو لینے آیا پولیس نے اسے دبوچ لیا ۔ جس کی شناخت 22 سالہ ناگیش کی حیثیت سے کرلی گئی ہے ۔ جو پیشہ سے ڈرائیور ہے اور ہستناپور میں رہتا ہے ۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران اس بات کا بھی علم ہوا کہ سابق میں سرور نگر پولیس نے اسے گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا تھا ۔