نعمت خداوندی پر شکر، مصیبت پر صبر کرنا دونوں جہاں کی کامیابی

جامع مسجد ایرفورس میں مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی کا خطاب
حیدرآباد /9 اپریل ( راست ) دنیا میں بسنے والے لاتعداد انسانوں میں سے کامیاب ترین وہ شخص ہے جس کو دنیا و آخرت دونوں جہاں کی کامیابی حاصل ہوجائے کیونکہ محض دنیا کی فوز و فلاح دھوکہ کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ اس کے ذریعہ تو بندوں کو آزمایا جاتا ہے اور ان کے دین و ایمان کی جانچ کی جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری بانی و مہتمم دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی نے جامع مسجد ایر فورس گوتم نگر بالا نگر حیدرآباد میں منعقدہ مسلمانوں کے ایک کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا حضرت ابن عباسؓ سے مروی ہے رسول اللہ صلعم نے فرمایا چار چیزیں ایسی ہیں کہ جس کو وہ عطا کردی گئیں ۔ اس کو دنیا و آخرت کی بھلائی حاصل ہوگی ۔ شکر ادا کرنے والا دل ، ذکر کرنے والی زبان ، مصیبتوں پر صبر کرنے والا بدن اور ایسی بیوی جو نہ اپنے نفس میں خیانت کرتی ہو اور نہ شوہر کے مال میں ۔ مولانا راہی نے کہا کہ ان چاروں خوبیوں کو حاصل کرنے کی سعی و کوشش کرے اس لئے کہ دنیا کی زندگی محض دھوکہ ہے ۔ ایک روایت میں نبی کریم ﷺ مومن کی فوزو فلاح اخروی کا تذکرہ کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں کہ جب وہ نعمتوں پر شکر کرتا ہے اور مصیبتوں پر صبر کرتا ہے تو اس کے نامہ اعمال میں اجر و ثواب لکھا جاتا ہے گویا مومن کے دل کی یہ خصوصیت ہے کہ اس کو ہر حال میں اجر سے نوازا جاتا ہے ۔ مولانا نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ ان خوبیوں کو اپنے اندر پیدا کریں دونوں جہاں کی بھلائی نصیب ہوگی ۔ مولانا راہی کی دعاء پر اجتماع کا اختتام ہوا ۔