نظریاتی اختلاف کے باوجود اپوزیشن اتحاد : وزیر برقی جگدیش ریڈی

حیدرآباد۔/29 ستمبر،( سیاست نیوز) ریاستی وزیر جگدیش ریڈی اور گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی نے تلگودیشم اور کانگریس میں اتحاد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نظریاتی اختلاف کے باوجود ٹی آر ایس کو شکست دینے کیلئے دونوں پارٹیاں اتحاد کررہی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ تلگودیشم کا قیام کانگریس کے خلاف عمل میں آیا تھا اور موجودہ تلگودیشم قیادت نے این ٹی آر کی پالیسیوں سے انحراف کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کی تشکیل خود اس بات کا ثبوت ہے کہ کانگریس اور تلگودیشم کو شکست کا خوف لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کی تشکیل از خود ٹی آر ایس کی کامیابی کا اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسط مدتی انتخابات سے اپوزیشن جماعتیں خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 4 برسوں میں ریاست کی ترقی کو روکنے کی کوشش کی۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے مقدمات دائر کئے گئے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے والی جماعتوں کو عوام مسترد کردیں گے۔ جگدیش ریڈی نے کہاکہ کانگریس اور تلگودیشم نے جو سروے کیا ہے اس میں بھی ٹی آر ایس کی کامیابی دکھائی گئی جس سے دونوں پارٹیاں بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی کارروائیوں کو سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے حالانکہ یہ دھاوے ٹی آر ایس قائدین کے خلاف بھی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سیاست سے کانگریس اور تلگودیشم کو عوامی تائید حاصل نہیں ہوگی۔