نظام کے تعمیر کردہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو ٹورازم ایوارڈ

حیدرآباد ۔ 30ستمبر (سیاست نیوز) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو قومی سیاحتی ایوارڈ حاصل ہوا ہے کیونکہ یہ ریلوے اسٹیشن سیاح دوست ریلوے اسٹیشن کے زمرے میں سب سے آگے رہا ہے۔ سکندرآباد کے ڈیویژنل منیجر امیت وردھن نے کہا ہیکہ انڈین ریلوے کی جانب سے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو مذکورہ بالا زمرے میں بہترین ریلوے اسٹیشن کا ایوارڈ دیا گیا ہے اور یہ ایوارڈ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ڈائرکٹر ڈی واسو دیوا ریڈی نے حاصل کیا ہے۔ یاد رہیکہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو حیدرآباد کے نظام نے 1874 میں تعمیر کروایا تھا اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی عمارت ایک قلعہ کی طرح ہے جوکہ سیاحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالیتی ہے نیز شہر میں چارمینار، گولکنڈہ، مکہ مسجد، قطب شاہی گنبدان اور دیگر کئی تاریخی عمارتوں کی وجہ سے سیاح سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر اترتے ہیں۔ ریلوے اسٹیشن پر روزانہ اوسطاً 210 ریلوں کی آمدورفت ہوتی ہے جن کے ذریعہ یہاں 1.8 لاکھ مسافرین اپنی منزل مقصود کی طرف رواں دواں رہتے ہیں۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو مذکورہ ایوارڈ ملنے کی اہم وجوہات میں یہاں مسافرین کیلئے فراہم کی جانے والی اعلیٰ معیار کی سہولیات ہیں جن میں ایرکنڈیشن، ویٹنگ ہال، فوڈ پلازا، ریٹائرینگ رومس، لفٹ، عصری سیڑھیاں، وائی فائی، صدفیصد ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولیات، ٹکٹ فراہم کرنے والی مشینیں جوکہ مسافرین کیلئے سفر کو کافی آرام دہ بناتی ہیں۔ ہندوستان میں سکندرآباد وہ واحد ریلوے اسٹیشن ہے جسے گرین پلاٹینم ریٹنگ کے تحت ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔