نظام رباط میں عازمین کے قیام کا تنازعہ

سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی مساعی ‘ متعلقہ حکام سے بات چیت

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں واقع نظام رباط میں آندھراپردیش کے عازمین حج کے قیام سے متعلق تنازعہ کی یکسوئی کیلئے اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مساعی کی ہے۔ انہوں نے جدہ میں ہندوستانی کونسل جنرل اور سنٹرل حج کمیٹی کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو مکتوب روانہ کرکے خواہش کی کہ ناظر رباط و نظام اوقاف کمیٹی سے مشاورت کے ذریعہ تنازعہ کا خوشگوار حل تلاش کیا جائے۔ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی ایم اے حمید نے ممبئی میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی عطا الرحمن کو یہ مکتوب حوالے کیا۔ جدہ میں تعینات ہندوستانی کونسل جنرل آج ممبئی پہنچے اور انہوں نے حج 2014 انتظامات کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کے عہدیداروں سے مشاورت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات میں عطا الرحمن نے نظام رباط میں قیام سے متعلق مسئلہ کی یکسوئی کی جانب توجہ مبذول کرائی اور اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کا مکتوب حوالہ کیا۔ سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حال میں نظام اوقاف کمیٹی عہدیداروں سے بات کرکے تفصیلات حاصل کی۔ ناظر رباط اور کمیٹی کے درمیان تنازعہ کے سبب گزشتہ سال آندھراپردیش کے عازمین حج رباط میں قیام کی سہولت سے محروم ہوگئے تھے۔ ہر سال تقریباً 400 عازمین حج کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کے سبب انہیں مناسب رقم کی بچت ہوتی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے امید ظاہر کی کہ جاریہ سال اس تنازعہ کی یکسوئی کرلی جائے گی اور آندھراپردیش کے عازمین رباط میں قیام کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے سنٹرل حج کمیٹی سے خواہش کی کہ 10 مئی تک اس معاملہ کو حل کرلیا جائے۔