نظام تعلیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ‘ معیار بہتر بنانے پر توجہ

طلبا کو بہترین سہولیات کی فراہمی ۔ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات بھی ہونگے : کڈیم سری ہری
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز  ) ریاست میں نظام تعلیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ سرکاری انجینئرنگ کالجس اور دوسرے جونئیر و ڈگری کالجس کے طلبا بھی خانگی اور کارپوریٹ اداروں کے طلبا سے مقابلہ کرسکیں اور بہترین تعلیمی میدان میں ترقی کرسکیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محکمہ تعلیم کڈیم سری ہری نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری کالجس ‘ اسکولس اور تعلیمی اداروں کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے کام کر رہی ہے اور منصوبے تیار کئے جا رہے ہیں۔ یہاں تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنایا جائیگا ۔ معیاری اساتذہ فراہم کئے جائیں گے ۔ دیگر اسٹاف کے بھی تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ ان کالجس میں بہترین انفرا اسٹرکچر اور مکمل سہولتوں کی یکم جولائی سے فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہمارے طلبا بھی دوسرے تعلیمی اداروں کے طلبا سے مسابقت کرسکیں اور امتحانات کی بہتر تیاری کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سرکاری ادارہ کو بہتر بنایا جائیگا اور اس کیلئے مناسب فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔ ان اداروں کیلئے تمام تقرر طلب جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کالج میں دو واٹر پلانٹس اور باونڈری وال بھی تعمیر کی جائیگی ۔  انہوں نے کہا کہ طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے حکومت کے اہم مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام سرکاری کالجوں میں اساتذہ کیلئے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام کالجس میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے حکومت اقدامات کررہی ہے اور جلد اعلامیہ جاری کئے جائیں گے ۔