نظام آباد کے مختلف ڈیویژنس میں شی ٹیمس کی تشکیل

نظام آباد۔31 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد کمشنر یٹ کے علاقہ میں واقع نظام آباد ، آرمور ، بودھن ، ڈیویژنوں میں شی ٹیم کی دوبارہ تشکیل جدید عمل میں لائی گئی ۔ کمشنر مسٹر کارتیکیا نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ شی ٹیمس کمشنر کی نگرانی میں 6 ٹیموں پر مشتمل ہے اور ان شی ٹیمس کو ایک انچارج انسپکٹر مقرر کیا گیا ہے ہر ٹیم میں ایک سب انسپکٹر ، دو خاتون کانسٹیبل اوردو کانسٹیبلس شامل رہیں گے ۔ خاص طور سے یہ ٹیم خواتین کے ہجوم والے علاقہ میں سرگرم رہیں گے اور سادہ لباس میں عوام میں شامل ہوکر اپنے پاس موجودہ کیمروں کے ذریعہ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر نظر رکھتے ہوئے فلمبندی کریں گے اور ان کی حرکتوں کی بناء پر انہیں تحویل میں لیا جائیگا اور ان کی کونسلنگ کی جائے گی یا پھر ان پر مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ یکم ؍ جنوری سے 30؍ جنوری تک نظام آباد کے علاقہ میں 28 واقعات پیش آئے ہیں ۔72افراد کو تحویل میں لیا گیا اور 70 پی ٹی کیس درج کئے گئے دو افراد پر ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ آرمور کے علاقہ میں جملہ 10 واقعات پیش آئے ۔24افراد کو تحویل میں لیا گیا 5 پی ٹی کیس درج کئے گئے اور 19افراد کی کونسلنگ کی گئی ۔ بودھن کے علاقہ میں 12 واقعات پیش آئے ہیں 27 افراد کو تحویل میں لیا گیا 10افراد پر پی ٹی کیس درج کیا گیا ایک ایف آئی آر درج ہوا اور 16افراد کی کونسلنگ کی گئی ۔ ضلع نظام آباد میں جملہ 50 واقعات پیش آئے ہیں اور 123افراد کو تحویل میں لیتے ہوئے 85 پی ٹی کیس درج کئے گئے ۔ تین ایف آئی آر درج کئے گئے 35افراد کی کونسلنگ کی گئی ۔کمشنر مسٹر کارتیکیا نے بتایا کہ خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا ہراساں کرنے کی صورت میں واٹس نمبر 9490618029 پر مسیج کرسکتے ہیں یا ڈائیل 100 پر بھی اطلاع دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے طلباء یا کالج لکچررس بھی لڑکیوں کو ہراساں کرنے کی صورت میں اطلاع دی جاسکتی ہے۔