نظام آباد میں کچرے کی عدم نکاسی سے گندگی میں اضافہ

نظام آباد: 29؍ جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپل آئوٹ سورسنگ ملازمین کی وجہ سے شہر میں کچرے کی نکاسی متاثر ہونے کی وجہ سے شہر میں مختلف مقامات پر کچرے کے انبار نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے گندگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے شہر نظام آباد کے میونسپل کارپوریشن کے 50 ڈیویژنوں میں واقع علاقوں میں جگہ جگہ پر کچرے کے انبار نظر آرہے ہیں جبکہ میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار مستقل ملازمین کے ذریعہ کچرے کی نکاسی کوشش کررہے ہیں لیکن گھر گھر پہنچ کر کچرا حاصل کرنے والے رکشے بند ہونے کی وجہ سے عوام کچرا سڑک پر ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے کچرے کے انبار نظر آرہے ہیں ۔میونسپل کارپوریشن نظام آباد میں آئوٹ سورسنگ سے تعلق رکھنے والے 750 ملازمین ہیں جبکہ مستقل ملازمین 245 ہیںاور ہر روز ملازمین کے ذریعہ شہر میں صفائی، کچرے کی نکاسی اور ڈرینج کی صفائی کے کام انجام دئیے جاتے ہیں لیکن گذشتہ 23 دنوں سے آئوٹ سورسنگ ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے شہر میں کچرے کی نکاسی متاثر ہونے کے علاوہ ڈرینج کی صفائی مکمل طور پر بند پڑی ہوئی ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کے 15 ٹراکٹرس، 19 رکشے، 30آٹو رکشے، 5ٹپرس اور 3 کمپکٹرس کے ذریعہ 50 ڈیویژنوں میں کچرے کی نکاسی کی جاتی ہے لیکن ہڑتال کی وجہ سے یہ سارے کام ٹھپ پڑے ہوئے ہیں جبکہ میونسپل کارپوریشن کے عہدیدارخانگی  14 ٹراکٹرس، 3 کمپکٹرس و دیگر وسائل کے ذریعہ صفائی کے  کام انجام دئیے جارہے ہیں لیکن صد فیصد کام انجام دینے میں ناکام ہورہے ہیں۔ شہر نظام آباد ریلوے اسٹیشن، بڑا بازار، شیواجی نگر، خلیل واڑی، ویکلی بازار، گول ہنومان و دیگر علاقوں میں کچرے کے انبار نظر آرہے ہیں اور ان کچروں کی وجہ سے گندگی پھیلنے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کی جانب سے ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے ہڑتال میں دن بہ دن شدت پیدا کرنے کیلئے آئوٹ سورسنگ ملازمین منصوبہ بند اقدامات کررہے ہیں جبکہ شہریان کی جانب سے مسلسل دبائو کے باوجود بھی عہدیدار اس خصوص میں اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ حکومت حیدرآباد میں ہڑتال ختم کرنے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کیا ہے لیکن اضلاع میں اس خصوص میں اقدامات نہ کرنے پر حکومت کے رویہ پر بھی تنقید کی جارہی ہے لہذا اس خصوص میں جنگی خطوط پر اقدامات کرتے ہوئے ہڑتال کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو بہتر ہوگا۔