نظام آباد میں عرس تقاریب و نعتیہ مشاعرہ

نظام آباد ۔4ستمبر ( راست) حضرت سید احمد حسینی شہدؒ کی سالانہ عرس تقاریب درگاہ واقع کوٹ گلی نظام آباد میں عظیم الشان پیمانہ پر منعقد ہوئیں ۔17ذیعقدہ کو صندل مالی حضرت احمد علی قادری منتظم درگاہ کی نگرانی میں برآمد ہوکر شہر کی اہم شاہراہوں سے گزرتا ہوا درگاہ شریف پہنچا جس میں سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر پولیس نے معقول بندوبست کیا تھا ۔ دوسرے دن جشن چراغاں کے موقع پر مشہور شاعر و صحافی جناب جمیل نظام آبادی کی نگرانی میں نعتیہ مشاعرہ منعقدہ ہوا ۔ ڈاکٹر فہیم احمد صدیقی ( ناندیڑ) مہمان خصوصی تھے ۔حضرت احمد علی قادری نے خیرمقدم کیا ۔ مشاعرے میں مسرز قدیر دانشؔ ‘ محمد عبدالخالق اسرار‘ تمیم نظام آبادی ‘ جناب جمیل نظام آبادی ‘ ڈاکٹر فہیم احمد صدیقی نے بارگاہ رسالت مآبﷺ میں نذرانہ نعت پیش کیا ۔ اس موقع پر شہر کے مشہور نعت خواں محمد بشیر الدین قادری چشتی ‘ محمد شوکت رضا ‘ رضوان احمد قادری‘ تمیم قادری اور دیگر نے منتخب نعتوں کا ندرانہ پیش کیا ۔ سلام و دعا کے بعد رات دیر گئے حضرت احمد علی قادری کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔