نظام آباد میں سٹی کیبل نیٹ ورک کا آغاز

نظام آباد:3 ؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)وکٹری ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ کلدیپ سہانی نے پریس کلب نظام آباد میں منعقدہ پرہجوم صحافتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ نظام آباد میں سٹی کیبل نیٹ ورک کا آغاز عمل میں آچکا ہے اور وکٹری ڈیجیٹل نظام آباد میں اس کا ڈسٹری بیوٹر ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ سٹی کیبل نیٹ ورک کی جانب سے انتہائی معیاری اور وارنٹی یافتہ سیٹ اپ باکس صارفین کو فراہم کیاجارہا ہے جس کی قیمت صرف1050روپئے رکھی گئی ہے۔ اس سیٹ اپ باکس کی توسط سے صارفین کو لگ بھگ 300 چینل فی الفور فراہم کئے جائیں گے جن میں آگے چل کر بتدریج اضافہ ہوتا جائے گا اورچینلس کی تعداد امید ہے کہ 999 تک ہوجائے گی۔ انہوںنے بتایاکہ فی الحال نظام آباد میں جو نیٹ ورک چلایاجارہا ہے اس کا تعلق آندھرا سے ہے جو کہ تلنگانہ عوام کے جذبات واحساسات کی پرواہ کئے بغیر من مانی نشریات عمل میں لارہا ہے ۔ انہوںنے دعوی کیاکہ وکٹری ڈیجیٹل تلنگانہ عوام کا ہے اور تلنگانہ عوام کے نام ہی معنون ہے۔ اسی لئے تلنگانہ عوام کی کامیاب جدوجہد اور ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ضروری سمجھا گیا کہ نظام آباد کی سطح پر ایک چینل کا آغاز کیا جائے جو’’ سرابھی چینل ‘‘کے نام سے جانا جائے گا۔ جس کا افتتاح ایک تلنگانہ شہید کے والدین کے ہاتھوں عمل میں آچکا ہے۔ اس کے علاوہ مزید تین چینلس بھی مقامی سطح پر شروع کئے جائیں گے جن میں وکٹری ڈیجیٹل جس کے انچارج نرسیا ہوں گے جبکہ ایک میوزک چینل بھی شروع کیاجائے گا جس کی راست نگرانی وہ خود کریں گے۔ اُردو داں عوام کیلئے بھی ایک معیاری چینل کا آغاز کیاجارہا ہے جس کی نگرانی سنیئر جرنلسٹ محمد نعیم قمر کریں گے۔ اس چینل کے ذریعہ اُردو عوام کی توقعات وخواہشات کی یقینی طو رپر تکمیل ہوگی اور تمام ہی نشریات اور خبریں انتہائی معیاری وموزوں اُردو میں نشر کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ ہمارے آپریٹرس اپنے اپنے علاقوں میں سرگرم ہوچکے ہیں جن سے ربط پیدا کرتے ہوئے آپ سٹی ڈیجیٹل نیٹ ورک کا سیٹ اپ باکس حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوںنے عوام سے سرپرستی کی خواہش کی ۔ اس موقع پر محمد حلیم قمر ، عبدالعظیم ، محمد فصاحت اللہ صدیقی ،محمد عقیل احمد، عمران بن سعید، وینکٹیشور راؤ، محمد سمیع اور دیگر موجود تھے۔