نصابی کتب کو آن لائن رکھنے کی تجویز

طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کی مساعی ، کیو آر کوڈ کے ساتھ ڈیجٹلائزیشن
حیدرآباد۔9مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ محکمہ تعلیم کی جانب سے شائع کی جانے والی کتب کو آن لائن بھی رکھا جائے گا اور کتابوں پر QR کوڈ شائع کرتے ہوئے طلبہ اور اولیائے طلبہ کو سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔محکمہ تعلیم کی جانب سے شائع کئے جانے والے نصاب کو آن لائن رکھنے کے اقدامات سے طلبہ کو سہولت حاصل ہونے کے علاوہ کسی بھی مقام پر کتاب کو پڑھا جاسکے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہوگی جو کہ مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے شروع کئے جانے والے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو آن لائن کتب کی فراہمی کے اقدامات کرے گی۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں سوشل اور سائنس کی درسی کتب کو آن لائن اور QRکوڈ کے ساتھ شائع کرنے کے اقدامات کئے جا چکے ہیں اور تعلیمی سال 2019-20 کے دوران جو کتب طلبہ کو فراہم کی جائیں گی وہ آن لائن اور QR کوڈ کی حامل ہوں گی۔ جاریہ سال طلبہ میں تقسیم کی جانے والی کتب میں یہ عصری سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ تجرباتی اساس پرکئے جانے والے اس اقدام کا جائزہ لینے کے لئے علحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ نصابی کتب کی آن لائن موجودگی کے فوائد کا جائزہ لینے کے علاوہ ان کتب کو بازار میں کالا بازاری سے روکنے کے اقدامات بھی کئے جا سکیں۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے آٹھویں جماعت سے دسویں جماعت کی درسی کتب میں یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سہولت کی فراہمی کا مقصد سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ڈیجیٹل عصری تعلیم سے مربوط کرنا ہے۔اساتذہ برادری کا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں عصری طریقہ تعلیم کو روشناس کروانے کے لئے اساتذہ کو بھی تربیت کی فراہمی ناگزیر ہے کیونکہ ڈیجیٹل طرز تعلیم کے سلسلہ میں اساتذہ کی تربیت کے بعد ہی طلبہ کو اس سہولت سے استفادہ کا اہل بنایاجاسکتا ہے۔