نشیلی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری بے نقاب

بنگلور کی خطرناک ٹولی کے دو ارکان گرفتار، ناچارم میں پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/3مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ ناچارم میں نشیلی ادویات کی ایک فیکٹری کا پردہ فاش ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انسانی صحت اور خواتین کے حق میں خطرناک دوا تیار کرنے والی ایک فیکٹری کی سرگرمیاں اس وقت منظر عام پر آئیں جب بنگلور میں ایک خطرناک ٹولی کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا۔ ناچارم حدود میں واقع یہ کیمیکل کمپنی کیٹا مائین نامی دوا تیارکررہی تھی جس کو خواتین اور نوجوان لڑکیوں پر آزمایا جاتا تھا اور خاص کر اسی مقصد کے لئے اس نشیلی دوا کو تیار کئے جانے کی حقیقت کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوا کے استعمال کے بعد انسان 5 گھنٹوں تک اپنے ہوش و حواس میں نہیں رہتا اور اس دوران خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی جاتی ہے، دوا استعمال کرنے کے بعد انسان میں حیوانی طرز کی حرکتیں اور شہوت اُجاگر ہوجاتی ہے جس کو مدہوش خواتین اور لڑکیوں پر استعمال کرتے ہیں۔ اس خطرناک نشیلی دوا تیار کرنے والی ناچارم کی اس کمپنی سے متعلق اطلاعات کے ساتھ ہی خود سرکاری مشنری پر سکتہ طاری ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق اس کمپنی کو عہدیداروں نے مہر بند کردیا ہے اور کمپنی ناچارم انتیم لیاب کو چلانے والے وینکٹیش کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کمپنی کی یہ دوا کا بہت بڑا نیٹ ورک پایا جاتا ہے جو خواتین اور لڑکیوں کا استحصال کرنے اور ان کی زندگیوں کو تباہ کرنے والے استعمال کرتے ہیں۔ ریاست کی سرکاری مشنری اور ڈرگ کنٹرول اور محکمہ پولیس مزید تحقیقات میں جٹے ہوئے ہیں۔