نریندر مودی کے ساتھ آٹھویں جماعت کے بچے بھی مباحثہ میں حصہ نہیں لیں گے :پی چدمبرم

نئی دہلی 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر فینانش پی چدمبرم نے عبوری بجٹ پر نریندر مودی کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مباحثہ کو آٹھویں جماعت کے اسکولی طلبہ کے مباحثہ کی سطح پر نہیں لانا چاہتے ۔ انہو ںنے کہا کہ وہ جو کچھ کہہ رہے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ گذشتہ 10 سال سڑنے اور گلنے کے 10 سال تھے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم نے شرح ترقی کے رجحان سے زیادہ ترقی کردیکھائی ہے۔ہم نے نشاندہی کی ہے کہ 1999 سے 2004 تک شرح ترقی کا رجحان موجودہ شرح ترقی سے کم تھا۔ گذشتہ 33 سال میں یو پی اے دور اقتدار کے 10 سال ترقی کے اعتبار سے بہترین 10 سال رہے ہیں ۔ یہ حقائق ہیں اور مودی حقائق کے ساتھ فرضی انکاونٹر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ذرائع ابلاغ بھی ان کا ساتھ دیں گے اور ٹوئٹر پر ان کی تحریریوں کا اعادہ کریں گے ۔ ان سے عبوری بجٹ کو 10 سال کی سڑن کے بعد کنجوسی کا آخری مظاہرہ مودی کی جانب سے قرار دیئے جانے کے بارے میں رد عمل طلب کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ آٹھویں جماعت کے طالبعلم بھی مودی کے ساتھ بحث نہیں کریں گے۔