نرسمہا ریڈی داخلہ اور ای راجندر فینانس کے وزیر متوقع

محمود علی کو ریوینیو اور کے ایشور کو بلدی نظم و نسق کا قلمدان دینے کا امکان
حیدرآباد ۔ یکم جون ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ کی پہلی حکومت کل منگل کی صبح راج بھون میں حلف لے گی ۔ جن قائدین کوکابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے ان کے قلمدانوں کے تعلق سے بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے والے کے چندر شیکھر راو وہ تمام قلمدان اپنے پاس رکھیں گے جو دوسرے وزیروں کو سونپے نہیں جائیں گے ۔ ان کے پاس سماجی بہبود ‘ اقلیتی بہبود ‘ بی سی ویلفیر ‘ اور قبائلی بہبود کے قلمدان بھی ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ این نرسمہا ریڈی کو داخلہ اور ایٹالہ راجندر کو فینانس کا قلمدان سونپا جاسکتا ہے ۔ علاوہ ازیں محمد محمود علی کو ڈپٹی چیف منسٹر بناتے ہوئے انہیںمال ( ریوینیو ) کا قلمدان سونپا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ امکان ہے کہ کے ایشور کو بلدی نظم و نسق کا قلمدان دیا جائیگا ۔