ندیوں کے احیاء پر مشتمل مسودہ حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت، چیف سکریٹری تلنگانہ کا کمیٹی اجلاس سے خطاب

حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے نیشنل گرین ٹریبونل کے احکامات کے پیش نظر 15 جنوری تک ندیوں کے احیاء کے لیے مسودہ حکمت عملی مقررہ وقت پر تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ آج سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی کی صدارت میں ندیوں کے احیاء سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں محکمہ جنگلات کے اسپیشل پرنسپل سکریٹری آجئے مشرا محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار محکمہ صنعت کے پرنسپل سکریٹری جیش رنجن ، میٹرو واٹر ورکس کے منیجنگ ڈائرکٹر دانا کشور ، پی سی بی سکریٹری ستیہ نارائنا ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ چیف سکریٹری نے خطاب کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے مختلف ندیوں اور تالابوں سے متعلق اریگیشن گراونڈ واٹر ، میٹرو واٹر ورکس ، بلدیات و دیگر محکمہ جات کو 5 جنوری تک اپنا ڈاٹا نیشنل انورانمنٹل انجینئرنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (NEERI) کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ تمام تلنگانہ کے واٹر شیڈ میاپ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے پانی کے معیار کی نگرانی کرنے ، ندیوں کی آلودگی سے متعلق خصوصی Stretches پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے ذریعہ ریاست کے پانی کے معیار اور اریگیشن کے ذریعہ پانی کا جائزہ لینے پر زور دیا ۔ ریاست بھر میں STP کی تعمیرات کے لیے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کو نوڈل اتھاریٹی بنانے کے لیے تجاویز تیار کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے تمام سیزن کے لیے ہائیڈرالوجیکل انورانمنٹ فلو پر ایک رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ ڈومیسٹک سیوریج ، زیر زمین پانی ۔ اکالوجیکل اینڈ انورنمنٹل فلو ، فلڈ پلین زونس کے علاوہ دوسرے امور پر توجہ دیتے ہوئے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ NEERI کو رپورٹ پیش کرنے سے قبل تیار کئے جانے والے رپورٹ پر جنوری کے تیسرے ہفتے میں ایک اور اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔۔