نتیش کمار کے قریبی ساتھی کا بطور آزاد امیدوار مقابلہ کا فیصلہ

پٹنہ۔/14فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار کے ایک قریبی ساتھی دنیش چندرا ٹھاکر نے آج لیجسلیٹو کونسل الیکشن آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر ٹھاکر جو کہ پارٹی ترجمان ہیں اور عموماً انگلش چینلوں پر پارٹی کا چہرہ سمجھے جاتے ہیں نے آج کہا کہ میں نے لیجسلیٹو کونسل کا الیکشن آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجرہ سے باہر آنا چاہتاہوں۔ مسٹر ٹھاکر جو نتیش کمار کی حکومت میں بحیثیت وزیر رہ چکے ہیں اور ہمیشہ نتیش کمار کے ساتھ کھڑے نظر آئے، آج کہا کہ ہر جماعت میں ان کے سیاسی اور سماجی دوست موجود ہیں تو میں کیوں اپنے آپ کو کسی ایک پارٹی کے ساتھ محصور رکھوں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بی جے پی میں شمولیت کا ارادہ رکھتے ہیں، اور کیا آنے والے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کی طرف سے لڑیں گے۔ ٹھاکر نے کہا کہ ابھی ہماری توجہ صرف لیجسلیٹو کونسل الیکشن پر ہی مرکوز ہے۔