نتیش کا چناؤ کیلئے اتحاد پر سسپنس برقرار

پٹنہ ۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے بہار میں اتحاد کے بارے میں جے ڈی ( یو ) کے اقدام کے تعلق سے سسپنس پایا جاتا ہے ، جسے برقرار رکھتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج پھر ایک بار اپنے ارادوں کے اظہار سے انکار کردیا اور کہا کہ ’’یہ سسپنس رہنے دیجئے ‘‘ ۔ چیف منسٹر نے یہاں اخباری نمائندوں کی طرف سے اصرار کے جواب میں بالی ووڈ کے نغمے کا سہارا لیتے ہوئے جواب دیا ، ’’راز کو راز رہنے دو ‘‘ ۔ نتیش نے اتحاد کے مسئلے پر اپنی حکمت عملی ظاہر کرنے سے مسلسل انکار کیا ہے جبکہ کانگریس ، ایل جے پی اور بائیں بازو جماعتیں یہی کہتی آئی ہیں کہ جے ڈی ( یو ) اپنے سیاسی پروگرام میں مصروف ہے تاکہ انتخابات کیلئے بنیاد کو مضبوط بنایا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جے ڈی ( یو ) آزاد خیال پارٹی ہے اور اس کے دروازے اچھے لوگوں کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔