نتیش اور لالو کا ایک دوسرے کیساتھ بیٹھنے سے گریز

پٹنہ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور صدر آر جے ڈی لالو پرساد نے آج پھر ایک بار ایک پروگرام میں شہ نشین پر ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے سے گریز کیا جس کے باعث دونوں جماعتوں کے درمیان خلیج کی قیاس آرائیاں مزید شدت اختیار کرگئی ہیں۔ یہ دونوں قائدین کو صدر جنتادل (متحدہ) شردیادو کے ساتھ ماہی گیروں کی مہا ریالی میں شرکت اور شہ نشین پر حاضر ہونا تھا۔ شیڈول کے مطابق چیف منسٹر نتیش کمار کو مہا ریالی کا افتتاح کرنا تھا لیکن ان کے پروگرام کے منسوخی کا اعلان کردیا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں نے جب ان سے ریالی میں شرکت سے گریز کی وجوہات دریافت کی جس میں انھیں لالو پرساد کے ساتھ شہ نشین پر موجود رہنا تھا، نتیش کمار نے کہاکہ حال ہی میں ان کی آنکھ کا آپریشن ہوا جس کے باعث وہ شرکت کرنے سے قاصر رہے اور ریالی کے منتظمین کو پیشگی اطلاع بھی دے دی گئی۔