نبی کریم ؐ کی سیرت فروغ اسلام کا بہترین ذریعہ

حیدرآباد۔21جنوری(سیاست نیوز)نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کی پیشکش مذہب ِ اسلام کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہے ۔ بالخصوص نوجوان نسل کو اپنی مادری زبان میں سیر ت النبیؐ کی فراہمی دین اسلام کی تبلیغ میں مددگار رہے گی۔ ادارے تنظیم مہدویہ کے زیر اہتمام طبع کردہ کتاب جس کا عنوان سیر ت النبی ؐ ہے کی رسم اجرائی تقریب خطاب کرتے ہوئے جناب سیدعلی یداللہی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔مسجد دائود میاں صاحب‘چنچلگوڑہ میں محب ملت جناب مقصود علی خان کی لکھی ہوئی سیر ت النبی کی رسم اجرائی حضرت سید نعمت اللہ کے ہاتھوں عمل میں آئی اس موقع پر نعمت اللہ خان صوفی‘ انجینئر سید اقبال صدر ادارے حیات وممات مہدویہ‘نجیب مہدی علی خان‘ معراج دلدار خان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

جناب سید علی یداللہی نے کہاکہ موجود ہ دور کے علماء مشائخین اور دانشواروں پر ذمہ داری عائد ہے کہ وہ سیرت النبی کے تمام گوشوں سے ملت اسلامیہ کے نونہالوں اور نوجوانوں کو واقف کروائیں تاکہ اس دور میں جہاں مطالعہ کو معیوب سمجھا جانے لگا ہے وہا ں مطالعہ کو عام کروانے اور اس کے ذریعہ دین اسلام کے متعلق بدگمانیوں کو سیر ت النبیؐ کی روشنی میںدور کیا جاسکے۔ مصنف حضرت مقصود علی خان نے کہاکہ سوال اور جواب پر مبنی کتاب کی تکمیل کیلئے پندرہ تا سولہ سال کا عرصہ لگا ۔ انہوں نے کہاکہ اُردو میں کتاب کی اشاعت کا مقصد اُردو طبقہ کو آسانی سے سیرت النبی سے واقف کروانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کتاب کے انگریزی ترجمہ کی کوششیں جاری ہیں جس پر جلد کام شروع ہوجائیگا۔ حضرت سید نعمت اللہ نے کتاب کی رسم اجرائی کو خوش ائند قراردیتے ہوئے مصنف کو مبارکباد دی ۔ حیات نیازی سوانح حضرت عبداللہ خان نیازی افغان کی بھی رسم اجرائی بدست سید علی یداللہی انجام دی گئی۔