نبی کریم ؐ کی اطاعت کا مطلب آپ ﷺ کی تعلیمات پر چلنا ہے

حیدرآباد /30 جنوری ( پریس نوٹ ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں جلسہ میلادالنبی ﷺ منایا گیا ۔ اس موقع پر انگریزی خطاب بعنوان ’’ پیغام میلاد ‘‘ سے ڈاکٹر محمد حسیب الدین قادری ، صدر شعبہ انگریزی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی یوم ولادت منانا نبی ﷺ کے تئیں اپنی محبت کا اظہار ہے اور یہی ایمان کا تقاضہ ہے ۔ ایمان کے معنی و مفہوم بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اللہ کی وحدانیت کے ساتھ نبی ﷺ سے محبت ایمان کا لازمی جز ہے ۔ عبادت نماز ہو یا حج یہ سبھی اسلام کی علامات ہے ۔ محبت کیلئے ادب پہلی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر علیم اشرف جائسی نے اپنے خطاب بعنوان ’’ نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ ‘‘ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخلاق نمائش کا نام نہیں ۔ اخلاق اس جسم کا نام ہے جو ہر ایک کو سیراب کرتا ہے ۔

انسانوں کے علاوہ نبی ﷺ جانوروں ، حشرات بلکہ سارے عالم کیلئے رحمت بناکر بھیجے گئے ۔ ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد ، وائس چانسلر نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ کامیابی ملے گی یہ صرف کتابوں کی بات نہیں ۔ تاریخ میں ہمیشہ ایسی مثالیں ملیں گی کہ لوگوں نے رسول ﷺ کی سیرت کو پکڑ کر کامیابی حاصل کی ۔پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ نے کہا کہ ہم سبھی کو اپنے ایمان کا جائزہ لینا چاہئے کہ ہم نبی ﷺ سے سچی محبت کرتے ہیں یا نہیں ۔ دنیا و آخرت کی کامیابی کیلئے نبی ﷺ سے محبت کا ہم سب کو پیمانہ بنالینا چاہئے ۔ محمد شفیع شریف نے نعت کے چند اشعار سنائے ۔ ڈاکٹر فہیم الدین احمد نے شکریہ ادا کیا ۔ ڈاکٹر مظفر قادری نے کارروائی چلائی ۔