ناگم جناردھن ریڈی کی سیکوریٹی سے دستبرداری

ٹی آر ایس حکومت کی انتقامی کارروائی ، کانگریس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : کانگریس میں شامل ہونے والے بی جے پی کے قائد ناگم جناردھن ریڈی کی سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کرلی گئی جس پر کانگریس نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کو انتقامی کارروائی قرار دیا ۔ سینئیر قائد سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے حال ہی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔ دو دن قبل ہی ان کی سیکوریٹی کے لیے فراہم کردہ دو گن مین کی خدمات سے دستبرداری حاصل کرلی گئی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ضلع ناگر کرنول کے ایس پی سنپرت سنگھ کے احکامات پر گن مین سیکوریٹی کی خدمات سے رجوع نہیں ہوئے ۔ ناگم جناردھن ریڈی نے اس مسئلہ پر ایس پی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔ سنپرت سنگھ نے انہیں بتایا کہ اعلیٰ عہدیداروں کی ہدایت کے بعد ہی وہ سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں ۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے خلاف عدالت میں کئی مقدمات دائر کرنے پر ناگم جناردھن ریڈی نے اپنی زندگی کو خطرہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سیکوریٹی فراہم کرنے کی محکمہ پولیس سے اپیل کی تھی ۔ محکمہ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ناگم جناردھن ریڈی کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ انٹلی جنس سے رپورٹ وصول ہونے کے بعد ہی سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اگر ناگم جناردھن ریڈی سیکوریٹی کی ضرورت محسوس کرتے ہیں تو انہیں پیڈ سیکوریٹی فراہم کی جائے گی ۔ حکومت کی جانب سے سیکوریٹی ہٹالینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ناگم جناردھن ریڈی نے کہا کہ ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے ٹی آر ایس حکومت خوفزدہ ہے ۔ ان کی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے ایک منظم سازش کے تحت ان کی سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کی گئی ہے جس سے وہ ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہے اور نہ ہی ان کے بڑھتے قدم کبھی رکیں گے ۔ نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملو روی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی مقبولیت سے ٹی آر ایس حکومت پریشان ہیں طاقتور قائدین کو ذہنی طور پر فکر مند کرنے کیلئے ان کی سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کی جارہی ہے ۔ پہلے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سمپت کمار کے بعد اب ناگم جناردھن ریڈی کی سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے ان کے ساتھ سیاسی انتقام لیا جارہا ہے ۔۔