ناگرکرنول کے عازمین حج کے قافلے کی روانگی

ناگرکرنول۔4ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر ناگر کرنول کے عازمین حج جناب محمد نصیر و اہلیہ ‘ جناب محمد نرنجن واہلیہ ‘ جناب محمد عبدالحمید واہلیہ اور جناب سید عظیم الدین واہلیہ پر مشتمل قافلہ حج و زیارت النبیؐ کے مقدس سفر کیلئے ناگر کرنول سے روانہ ہوا ۔ اس موقع پر حسب روایت انتظامی کمیٹی مساجد و وقف منیجنگ کمیٹی ناگر کرنول کے مشترکہ زیراہتمام مستقر کے مسجد محفوظ بن محفوظ کے احاطے میں بڑے پیمانے پر عازمین حج کی تہنیتی و وداعی تقریب کا صدر انتظامی کمیٹی مساجد جناب محمد عبدالحفیظ خان نقشبندی کی صدارت میں انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا آغاز حافظ محمد منظور احمد کی قرات ‘ جناب شیخ یعقوب بن عثمان باوزیر و محمد صادق پاشاہ نقشبندی کی نعت سے ہوا ۔ اس پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی رکن اسمبلی ناگر کرنول شری مری جناردھن ریڈی و دیگر مہمانوں میں آر ڈی او مسٹر دیویندر ریڈی ‘ سی آئی مسٹر رام بابو ‘ ٹی آر ایس کے ریاستی قائد جے رگھونندن ریڈی نے شرکت کی ۔جناب محمد عبدالحفیظ خان نقشبندی نے اپنے صدارتی خطاب میں رکن اسمبلی سے مستقر میں ایک حج تربیتی مرکز کے قیام کی خواہش کی ۔ بعدازاں رکن اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے ناگر کرنول کے صلع بننے کے بعد مستقر میں ایک بہترین حج تربیتی مرکز کا قیام عمل میں لانے کا تیقن دیتے ہوئے عازمین حج سے شہرناگر کونل و حلقہ کی ترقی سرسبز و شادابی کیلئے دعا کی اپیل کی ۔ اس موقع پر عازمین حج کی گلپوشی کرتیہ وئے تہنیت پیش کی اور ’لبیک اللھم لبیک‘ کی صداؤں کے ساتھ عازمین حج کو وداع کیا گیا ۔ صدرنشین وقف منیجنگ کمیٹی جناب ناصر محی الدین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ پروگرام میں معتمد مساجد کمیٹی جناب شیخ مسعود ‘ نائب صدور جناب شیخ یعقوب بن عثمان باوزیر‘ محمد ابراہیم ‘ محمد عبدالمجید خان ‘ خازن محمد عبدالرحیم ‘ معتمد وقف کمیٹی جناب سید رفیع الدین ‘ نائب صدر جناب فضل احمد خان ‘ جوائنٹ سکریٹری جناب عبداللہ خان ‘ خازن محمد انس احمد خان ‘ جناب قطب الدین خان ‘ جناب شیخ فرید احمد فریدؔ نائب صدر مساجد کمیٹی ‘ محمد خواجہ و دیگر نے حصہ لیا ۔