ناگرجنا ساگر پانی کی تقسیم پر کل جماعتی اجلاس کا مطالبہ : سدھاکر ریڈی

حیدرآباد 31 جنوری ( آئی این این ) کانگریس ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی نے آج مطالبہ کیا کہ حکومت تلنگانہ ناگرجنا ساگر ڈیم کے پانی کی تقسیم پر تبادلہ خیال کیلئے کل جماعتی اجلاس طلب کرے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ آندھرا پردیش نے ناگرجنا ساگر سے 30 ٹی ایم سی فیٹ پانی اضافی استعمال کیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آندھرا پردیش کیلئے مزید پانی روک دیا جائے اور یہ پانی نلگنڈہ اور کھمم اضلاع کو آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل کیلئے سربراہ کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ آندھرا حکومت ‘ تلنگانہ کو پانی کے حصے سے روک رہی ہے ۔ وہ اس سلسلہ میں تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ سے بھی بات چیت کرچکے ہیں اور ان سے مطالبہ کیا کہ مرکز سے کل جماعتی وفد کی شکل میں نمائندگی کی جائے ۔