ناک آوٹ مرحلے میں آج میسی ،رونالڈو اور سوریز پر نظریں

سمارا۔29 جون(سیاست ڈاٹ کام)فیفا ورلڈ کپ 2018 ء میں کل ناک آؤٹ مرحلے کے مقابلے شروع ہورہے ہیں جس میں دن کا پہلا مقابلہ ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ اس مقابلے میں جہاں ارجنٹینا کے ناقص مظاہرے اور اسٹار کھلاڑی لیونل میسی پر تمام تر توجہہ مرکوز ہوگی وہیں فرانس اپنی شاندار کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہوگا۔ دوسرا مقابلہ یوروگوئے اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور لوئیس سوریز اپنی ٹیموں کیلئے اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ قبل ازیں پہلے مرحلے کے آخری دن کئی تبدیلیوں اور نئے کپتان کے ساتھ میدان سنبھالنے والی انگلش ٹیم کو 1-0 سے شکست ہو گئی۔بلجیم نے گروپ جی میں پہلا مقام حاصل کیا ہے اور وہ جاپان سے مقابلہ کرے گی۔تیونس نے پاناما کو 2-1 سے زیرکرلیا لیکن دونوں ٹیمیں ایونٹ سے باہرہو گئیں-کولمبیا نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی جہاں یری مینا کا گول فیصلہ کن رہااور اب ناک آوٹ مرحلے میں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔سینیگال کا ایونٹ سے اخراج ہوگیا۔ پولینڈ کیخلاف 1-0 کی شکست کے باوجود جاپان نے فیئرپلے پوائنٹس پر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔کالینن گریڈ ایرینا میں کھیلے گئے گروپ جی میچ میں انگلش کوچ گاریتھ ساؤتھ گیٹ کی حکمت عملی کسی کام نہیں آسکی جب کئی تبدیلیوں کے ساتھ انہوں نے جیمی ورڈی کی زیرقیادت قدرے نیا اسکواڈ میدان میں اتارا جس کیلئے بلجیم کیخلاف کامیابی مشکل ہو گئی اور پہلے ہاف میں کوئی گول اسکور نہیں ہو سکا۔ دوسرے ہاف کے کھیل میں 51 ویں منٹ کے دوران عدنان جانوزاج نے پہلا گول بنا کر بلجیم کو برتری دلائی جو کھیل کے اختتام تک قائم رہی۔ سارانسک کے مورڈوویا ایرینا میں تیونس اور پاناما کے درمیان کھیلے گئے گروپ جی میچ کی کوئی خاص اہمیت نہیں تھی۔ اگرچہ پاناما کو 33 ویں منٹ میں یاسین میریاہ کے اون گول کی بدولت برتری مل گئی لیکن تیونس کی جانب سے 51 ویں منٹ میں فخرالدین بن یوسف اور 66 ویں منٹ میں وہاب خاضری کے گولز نے تیونس کو ورلڈ کپ میں دوسری فتح دلادی لیکن دونوں ٹیمیں ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئیں۔